محمد تسکین
بانہال // امرناتھ یاترا 2026 کے سلسلے میں جمعہ کی علی الصبح 8,796یاتریوں پر مشتمل نویں قافلہ سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان بھگوتی نگر یاتری نواس جموں سے روانہ ہوکر وارد کشمیر ہوا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 3,450یاتری بالتال کے راستے جبکہ 5,346 یاتری پہلگام کے راستے مقدس گھپا کی جانب روانہ ہوئے۔ بالتال جانے والا قافلہ صبح 2:42بجے جبکہ پہلگام جانے والا قافلہ 3:24 بجے جموں سے روانہ ہوا۔قافلے میں 6,426مرد، 2,042خواتین، 228سادھو، 56سادھویاں، 10بچے، 33غیر ملکی مرد یاتری اور ایک ٹرانس جینڈر یاتری شامل تھے۔ یاتریوں کی نقل و حمل کے لیے مجموعی طور پر 354گاڑیاں تعینات کی گئیں جن میں 175بسیں، 70 درمیانی موٹر گاڑیاں ،106 ہلکی موٹر گاڑیاں اور تین دو پہیہ گاڑیاں شامل ہیں۔نویں قافلے کی روانگی کے ساتھ ہی جموں بیس کیمپ سے روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد 61,612 تک پہنچ گئی ہے۔دونوں طرف کے یاتری قافلے جمعہ کی دوپہر تک ضلع رام بن سے ہوکر وادی کشمیر اور جموں کیلئے روانہ ہوچکے تھے۔ انتظامیہ نے چندرکوٹ یاتری نواس اور لامبر یاتری گراؤنڈ بانہال میں ناشتے کے علاؤہ تمام سہولیات کا انتظام رکھا ہوا ہے ۔
ادھم پورمیں یاتری گاڑی حادثے کی شکار ، 6یاتری زخمی
لیفٹیننٹ گورنر اورڈاکٹر جتندر سنگھ کی بہتر علاج فراہم کرنے کی ہدایت
عظمیٰ نیوزسروس
جموں // جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو کہا کہ انہوں نے سول انتظامیہ اور صحت کے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے امرناتھ یاترا کے6یاتریوں کے بہترین ممکنہ علاج کو یقینی بنائیں جو پہلگام بیس کیمپ کی طرف سفر کرتے ہوئے اودھم پور کے ٹولڈی نالہ کے قریب سڑک حادثے کا شکار ہوئے۔حکام نے کہاکہ یہ حادثہ جمعہ کوصبح6بجکر10منٹ کے قریب پیش آیا جب رجسٹریشن نمبرMP13ZY-2836والی ارٹیگا گاڑی ٹولڈی نالہ کے قریب سڑک سے پھسل گئی۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہیں مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع سے تعلق رکھنے والے6 یاتریوں کے حادثے کے بارے میں رپورٹ موصول ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ عقیدت مند سالانہ یاترا کیلئے پہلگام بیس کیمپ جا رہے تھے جب ٹولڈی نالہ کے قریب ان کی گاڑی سڑک سے پھسل گئی۔لیفٹیننٹ گورنر کے مطابق، ایک یاتری کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور اسے جدید علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر5یاتریوںکی حالت مستحکم ہے اور ان کا جی ایم سی ادھم پور میں علاج چل رہا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ میں نے ڈویژنل کمشنر جموں، ڈپٹی کمشنر ادھم پور،جی ایم سی جموں اور جی ایم سی ادھم پور کے طبی عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کا بہترین ممکنہ علاج کیا جائے۔زخمی یاتریوں کے لیے دعا کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ میں بھگوان شیو سے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔اسے پہلے حکام نے کہاکہ جمعہ کی صبح ٹولڈی نالہ کے نزدیک سری نگرجموں قومی شاہراہ کے اودھم پور،چنانی سٹریٹ پر ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس میں یاتری سفر کر رہے تھے پانچ یاتری زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے ۔عہدیداروں نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ یہ حادثہ جمعہ کوصبح6بجکر10منٹ کے قریب پیش آیا جب رجسٹریشن نمبرMP13ZY-2836 والی ارٹیگا گاڑی ٹولڈی نالہ کے قریب سڑک سے پھسل گئی،تمام پانچ زخمی مدھیہ پردیش کے امرناتھ یاترا کے زائرین ہیں۔ ان میں سے ایک خاتون کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔انہوںنے بتایاکہ سی آر پی ایف 137 بٹالین، گورکھا4/3، سول ڈیفنس، ٹریفک پولیس اور جموں و کشمیر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے سرکاری میڈیکل کالج ادھم پور کے ایسوسی ایٹڈ اسپتال منتقل کیا گیا۔واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ انہوں نے ڈی سی ادھم پور منگا شیرپاسے بات کی۔ڈاکٹر سنگھ نے پوسٹ کیاکہ ابھی ابھی ڈی سی ادھم پور منگا شیرپا سے بات کی ہے کہ مدھیہ پردیش سے ایک نجی موٹر گاڑی کی اطلاع موصول ہوئی، امرناتھ یاترا کے راستے میں، جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ٹولڈی نالہ کے قریب سڑک حادثے کا شکار ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ پانچ افراد کو چوٹیں آئی ہیں، جن میں سے ایک خاتون شدید طور پر زخمی ہوئی ہے اس لیے اسے فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کیا گیا۔ وزیر نے کہاکہ ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ میرا دفتر مسلسل رابطے میں ہے۔