عشرت حسین بٹ
پونچھ/ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں جنگلی ریچھ کے حملوں کا سلسلہ مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا۔ تازہ واقعے میں آڑائی ملکاں علاقے کی ایک خاتون ریچھ کے حملے میں شدید زخمی ہوگئی۔مقامی ذرائع کے مطابق تعظیم اختر، زوجہ محمد تاج، ساکن آڑائی ملکاں، اپنے گھر کے قریب معمول کے کاموں میں مصروف تھیں کہ اچانک ایک ریچھ نے ان پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں۔
واقعے کے بعد مقامی لوگ جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے۔ لوگوں کے شور و غل کے باعث ریچھ وہاں سے فرار ہوگیا، جبکہ زخمی خاتون کو مقامی افراد نے فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے سب ضلع ہسپتال منڈی منتقل کیا۔ ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مزید علاج کے لیے ضلع ہسپتال پونچھ ریفر کر دیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران تحصیل منڈی کے ساوجیاں، لورن اور اب آڑائی ملکاں میں ریچھ کے حملوں کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جس سے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے محکمہ وائلڈ لائف اور ضلعی انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام کو صورتِ حال سے بخوبی آگاہی ہونے کے باوجود ریچھوں کو انسانی آبادی سے دور رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے، جس کے باعث انسانی جانیں خطرے میں ہیں۔
مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے اور جنگلی ریچھوں کو انسانی آبادی سے محفوظ طریقے سے جنگلات کی جانب منتقل کیا جائے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔