یواین آئی
اینٹیگوا/اینٹیگوا میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 92 رن بنا کر مجموعی برتری 142 رن تک پہنچا دی۔اس سے قبل تیسرے روز شروع ہونے والی جسٹن گریوز اور شائی ہوپ کی شاندار شراکت چوتھے روز بھی جاری رہی۔ دونوں بلے بازوں نے سنچریاں اسکور کیں، تاہم ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم سری لنکا کی پہلی اننگز کے اسکور سے 50 رن پیچھے 499 رن پر آؤٹ ہوگئی۔سری لنکا کے لیے اسیتھا فرنینڈو نے عمدہ گیندبازی کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
شائی ہوپ نے اپنے ٹیسٹ کریئر کی پانچویں اور ہوم گراؤنڈ پر پہلی سنچری مکمل کی، جبکہ جسٹن گریوز نے تیسری ٹیسٹ سنچری اسکور کی۔ دونوں کے درمیان 242 رن کی شراکت 76.1 اوورز تک جاری رہی، جس کا اختتام ایک غیر معمولی انداز میں ہوا۔ لیگ سائیڈ کی ایک گیند کو ہوپ نے چھوڑ دیا، وکٹ کیپر اسے قابو نہ کر سکے اور گیند ان کے دستانوں سے لگ کر وکٹوں سے ٹکرا گئی، اس وقت ہوپ کریز سے باہر تھے اور یوں وہ ہٹ وکٹ نما انداز میں رن آؤٹ ہو گئے ۔بعد ازاں گریوز نے روسٹن چیز کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا، لیکن اسیتھا فرنینڈو نے شارٹ پچ گیندوں کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو سخت پریشان کیا۔ فرنینڈو نے چیز، اینڈرسن فلپ اور شمر جوزف کو آؤٹ کیا، جبکہ میلان رتنائیکے نے الزاری جوزف کی وکٹ حاصل کی۔دوسری اننگز میں سری لنکا کو ابتدا ہی میں دھچکا لگا جب پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے لہیرو اڈارا بغیر کوئی رن بنائے شمر جوزف کا شکار بن گئے ۔ نشان مدوشکا بھی الزاری جوزف کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے ، جس کے بعد دنیش چندیمل اور کامندو مینڈس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دن کے اختتام تک ٹیم کا اسکور دو وکٹ پر 92 رن تک پہنچا دیا۔