عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں اتوار کی علی الصبح 6,721 یاتریوں پر مشتمل چوتھا قافلہ جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان بالتل اور پہلگام کے بیس کیمپوں کی جانب روانہ ہوا۔موصولہ تفصیلات کے مطابق، 2,590 یاتریوں نے مختصر بالتل راستے کا انتخاب کیا، جبکہ 4,131 یاتری روایتی پہلگام راستے سے مقدس غار کی زیارت کے لیے روانہ ہوئے۔قافلے میں مجموعی طور پر 4,576 مرد، 1,310 خواتین، 22 بچے، 572 سادھو، 154 سادھویاں، 38 غیر ملکی مرد اور 49 غیر ملکی خواتین یاتری شامل ہیں۔
حکام کے مطابق بالتل جانے والا قافلہ 152 گاڑیوں پر مشتمل تھا، جن میں 50 بسیں، 12 میڈیم موٹر وہیکلز (MMVs) اور 90 لائٹ موٹر وہیکلز (LMVs) شامل تھیں۔ یہ قافلہ صبح 3:15 بجے بھگوتی نگر سے روانہ ہوا۔اسی طرح پہلگام جانے والا قافلہ، جس میں 139 گاڑیاں شامل تھیں، صبح 3:45 بجے روانہ ہوا۔ اس قافلے میں 84 بسیں، 25 میڈیم موٹر وہیکلز اور 30 لائٹ موٹر وہیکلز شامل تھیں۔
حکام نے بتایا کہ دونوں قافلوں کے یاتری بالتل اور ننوان بیس کیمپ پہنچنے کے بعد مقدس امرناتھ غار کی جانب روانہ ہوں گے تاکہ درشن انجام دے سکیں۔سالانہ امرناتھ یاترا کے دوران سول انتظامیہ، پولیس، سیکورٹی فورسز اور شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کی جانب سے مربوط اور کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ یاترا کو محفوظ، پُرامن اور خوش اسلوبی سے مکمل کرایا جا سکے۔