عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیرِ اعظم مودی نے جمعہ کے روز سالانہ شری امرناتھ یاتراپر روانہ ہونے والے عقیدت مندوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ یہ مقدس یاترا محفوظ، پُرامن اور ہر لحاظ سے بابرکت ثابت ہو۔وزیرِ اعظم نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ بابا برفانی کے درشن سے وابستہ شری امرناتھ یاترا بھارت کی روحانی روایت اور ثقافتی یکجہتی کا ایک لازوال باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ بھگوان شیو کے تمام عقیدت مندوں کی یہ یاترا خیر و عافیت کے ساتھ مکمل ہو۔
مودی نے اپنے پیغام کے ساتھ یاتریوں کے نام ایک خط بھی جاری کیا، جس میں انہوں نے پانچ عہد اپنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ عقیدت مند اس مقدس سفر کو عقیدت، نظم و ضبط اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کے ساتھ انجام دیں تاکہ اس تاریخی اور روحانی روایت کی عظمت اور تقدس برقرار رہے۔وزیرِ اعظم نے اپنے خط میں اس بات پر بھی زور دیا کہ امرناتھ یاترا صرف ایک مذہبی سفر نہیں بلکہ ملک کی ثقافتی وراثت اور روحانی اقدار کی عکاس ہے، جس کے تقدس اور ماحول کا تحفظ ہر یاتری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ سالانہ شری امرناتھ یاترامیں ملک بھر سے لاکھوں عقیدت مند جموں و کشمیر کے ہمالیائی علاقے میں واقع مقدس غار تک پہنچتے ہیں، جہاں قدرتی طور پر بننے والے برفانی شیو لنگ کے درشن کر کے بھگوان شیو کی عبادت کرتے ہیں۔یاترا کے پرامن انعقاد کے لیے مرکزی حکومت، جموں و کشمیر انتظامیہ، سیکورٹی فورسز اور شری امرناتھ شرائن بورڈ کی جانب سے سخت سیکورٹی انتظامات اور وسیع پیمانے پر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔