جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر قصبہ کے شہریوں نے ضلع اور تحصیل انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ قصبہ میں آوارہ گھومنے والے مال مویشیوں پر فوری طور پر قابو پایا جائے کیونکہ ان کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ قصبہ کے مختلف علاقوں خصوصاً پل، مرکزی بازار اور دیگر مصروف مقامات پر مال مویشی دن بھر کھڑے رہتے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اور گاڑیوں کا گزرنا دشوار بن جاتا ہے۔ شہریوں کے مطابق اکثر اوقات بازار میں ٹریفک جام جیسی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے جس سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ دکانداروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
دکانداروں نے بتایا کہ دکانوں کے سامنے مال مویشیوں کے جمع رہنے سے ہر وقت گندگی پھیلی رہتی ہے، جس کے باعث نہ صرف ماحول خراب ہوتا ہے بلکہ انہیں روزانہ اپنی دکانوں کے باہر صفائی ستھرائی پر اضافی وقت اور محنت صرف کرنا پڑتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گندگی اور بدبو کی وجہ سے گاہکوں کو بھی مشکلات پیش آتی ہیں جس کا اثر کاروبار پر پڑ رہا ہے۔شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ سڑکوں پر آوارہ مال مویشیوں کی موجودگی کسی بھی وقت حادثات کا سبب بن سکتی ہے، خصوصاً رات کے وقت گاڑی چلانے والوں کو زیادہ خطرات لاحق رہتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے کوئی موثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔علاقہ مکینوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مال مویشیوں کے مالکان کو طلب کر کے انہیں پابند بنایا جائے کہ وہ اپنے جانوروں کو سڑکوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر آوارہ نہ چھوڑیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری کارروائی عمل میں لا کر صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو روزمرہ کی مشکلات سے نجات مل سکے۔