یواین آئی
ہیوسٹن/پانچ مرتبہ کے عالمی چیمپئن برازیل نے گیبریئل مارٹینیلی کے انجری ٹائم میں کیے گئے فیصلہ کن گول کی بدولت جاپان کو 1-2 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی۔پیر کی شب کھیلے گئے اس مقابلے کے پہلے ہاف میں جاپان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ایک گول کی برتری حاصل کر لی۔ میچ کے 29ویں منٹ میں کائیشو سانو نے باکس کے باہر سے زبردست شاٹ لگا کر گیند جال میں پہنچائی اور جاپان کو 0-1 کی برتری دلا دی۔
انہوں نے ڈینیلو کے غلط پاس پر گیند حاصل کی، تیزی سے آگے بڑھے اور باکس کے کنارے سے نچلے بائیں کونے میں شاندار گول اسکور کیا۔ دوسرے ہاف میں برازیل نے بھرپور واپسی کرتے ہوئے جاپانی دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ 56ویں منٹ میں اسٹار مڈفیلڈر کیسیمیرو نے گیبریئل میگالیائش کے کراس پر ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔اس کے فوراً بعد ونیسیئس جونیئر نے تیز رفتار حملہ کیا، تاہم جاپان کے گول کیپر زائیون سوزوکی نے ان کا شاٹ گول پوسٹ سے ٹکرا کر باہر دھکیل دیا۔میچ کا فیصلہ انجری ٹائم کے پانچویں منٹ میں ہوا، جب گیبریئل مارٹینیلی نے زبردست شاٹ کے ذریعے فاتحانہ گول اسکور کیا۔ ان کا شاٹ گول پوسٹ کے اندرونی حصے سے ٹکرا کر جال میں جا پہنچا اور برازیل نے 1-2 سے کامیابی اپنے نام کر لی۔برازیل اب 5 جولائی کو نیو جرسی میں کھیلے جانے والے راؤنڈ آف 16 کے میچ میں آئیوری کوسٹ اور ناروے کے درمیان راؤنڈ آف 32 کے فاتح کا سامنا کرے گا۔