یو این آئی
لندن/ہندوستانی ہاکی ٹیم نے اپنے آخری ایف آئی ایچ پرو لیگ 26-2025 کے مقابلے میں انگلینڈ کو شوٹ آؤٹ میں 3-2 سے ہرا کر اپنی مہم کا شاندار اختتام کیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، جس کے بعد ہندوستان نے شوٹ آؤٹ میں جیت درج کر کے بونس پوائنٹ حاصل کیا۔ اتوار کو کھیلے گئے میچ کے شوٹ آؤٹ میں ہندوستان کی جانب سے ابھشیک، شیلانند لاکڑا اور ہاردک سنگھ نے اپنے شاٹس کو کامیابی سے گول میں تبدیل کیا۔ دوسری طرف، شاندار دفاعی کارکردگی کی بدولت ڈیفینڈر سنجے کو ‘پلیئر آف دی میچ’ چنا گیا۔اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ایف آئی ایچ پرو لیگ 26-2025 کی پوائنٹس ٹیبل میں 16 میچوں سے 19 پوائنٹس حاصل کیے اور نو ٹیموں میں آٹھویں نمبر پر رہا۔ہندوستانی ٹیم نے پوری مہم کے دوران چار میچ جیتے ، پانچ ڈرا کھیلے ، دو شوٹ آؤٹ بونس پوائنٹس حاصل کیے اور سات میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے قبل اسی ہفتے بیلجیم نے 39 پوائنٹس کے ساتھ ایف آئی ایچ پرو لیگ 26-2025 کا خطاب اپنے نام کیا۔ اس کے ساتھ ہی بیلجیم نے ٹورنامنٹ چیمپئن کے طور پر لاس اینجلس 2028 اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی بھی کر لیا۔ہندوستان پوائنٹس ٹیبل میں پاکستان سے ایک درجہ اوپر رہا، جبکہ پاکستان اپنے تمام 16 میچ ہار کر سب سے آخری نمبر پر رہا۔میچ کے آغاز میں دنیا کی دوسرے نمبر کی ٹیم انگلینڈ نے اپنا دبدبہ بنایا اورہندوستانی گول کیپر موہت ششی کمار کا سخت امتحان لیا۔ انگلینڈ کو شروع میں ایک پینلٹی کارنر بھی ملا، لیکن سیم وارڈ گول کرنے میں ناکام رہے ۔ موہت نے کئی بہترین بچاؤ کر کے میزبان ٹیم کو برتری حاصل کرنے سے روکے رکھا۔ اس کے بعد ہندوستانی ہاکی ٹیم نے بھی رفتار پکڑی۔ ابھشیک اور جرمین پریت سنگھ نے گول کرنے کے کچھ اچھے مواقع بنائے ، لیکن انگلینڈ کا دفاع بھی مضبوط رہا۔ ہاف ٹائم تک اسکور بغیر کسی گول کے برابر تھا۔تیسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں میچ کا سب سے اہم موڑ اس وقت آیا جب یشدیپ سنگھ کے ایک چیلنج کے بعد انگلینڈ کو پینلٹی اسٹروک دے دیا گیا۔ تاہم، ہندوستانی ٹیم نے فوراً ریفرل لیا اور ویڈیو ری پلے میں یشدیپ کا ٹیکل بالکل درست پائے جانے کے بعد امپائر نے اپنا فیصلہ بدل دیا۔ آخری کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کے کئی مواقع بنائے ، لیکن کوئی بھی ٹیم برتری حاصل نہ کر سکی۔ ہندوستان کو لگاتار پینلٹی کارنر ملے ، جبکہ گول کیپر سنجے کرکیرا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو اہم بچاؤ کیے ۔ میچ ختم ہونے سے محض دو سیکنڈ پہلے انگلینڈ کو ایک اور پینلٹی کارنر ملا تھا، لیکن ہندوستان کے کامیاب ریفرل کے بعد وہ فیصلہ بھی بدل دیا گیا۔