ایجنسیز
ہیوسٹن/چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن جرمنی کی فیفا ورلڈ کپ 2026 مہم اختتام پذیر ہوگئی، جب پیراگوئے نے سنسنی خیز پینلٹی شوٹ آؤٹ میں اسے 3-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔مقررہ وقت اور اضافی وقت کے اختتام پر دونوں ٹیمیں 1-1 سے برابر تھیں، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ جرمنی کی جانب سے آرسنل کے فارورڈ کائی ہاورٹز اور نیوکاسل یونائیٹڈ کے نک وولٹیمیڈے اپنی پینلٹیز کو گول میں تبدیل نہ کر سکے ، جبکہ پیراگوئے کے گول کیپر اورلینڈو گل نے دونوں کوششیں ناکام بنا دیں۔اگرچہ پیراگوئے نے بھی کامیابی کے دو مواقع ضائع کیے ۔ انتونیو سانابریا کی پینلٹی گول پوسٹ سے باہر چلی گئی، جبکہ فابیان بالبوئینا کی کوشش کو 40 سالہ جرمن گول کیپر مینوئل نوئر نے روک لیا۔سڈن ڈیتھ میں جرمنی کے جوناتھن ٹا کا شاٹ بار کے اوپر سے گزر گیا، جس کے بعد پیراگوئے کے دفاعی کھلاڑی ہوزے کنالے نے فیصلہ کن پینلٹی گول کر کے اپنی ٹیم کو 3-4 سے فتح دلا دی۔اس سے قبل میچ کے 42ویں منٹ میں جولیو اینسیسو نے گول کر کے پیراگوئے کو برتری دلائی تھی۔ اینسیسو اس سے قبل انگلش پریمیئر لیگ میں برائٹن اور اِپسوچ ٹاؤن کی نمائندگی کر چکے ہیں۔دوسرے ہاف میں جرمنی نے بہتر کھیل پیش کیا اور کائی ہاورٹز نے فلوریان ورٹز کے شاندار کراس پر ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔اس کے بعد پیراگوئے نے مضبوط دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو اضافی وقت تک پہنچایا۔ جرمنی کو ایک موقع پر فتح کی امید بندھ گئی تھی، جب جوناتھن ٹا نے گیند جال میں پہنچا دی، لیکن ریفری نے والڈیمار انتون کی جانب سے گول کیپر اورلینڈو گل کے خلاف فاؤل قرار دیتے ہوئے گول مسترد کر دیا۔یوں پیراگوئے نے پینلٹی شوٹ آؤٹ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی، جبکہ جرمنی کی ورلڈ کپ مہم کا اختتام ہو گیا۔