اشتیاق ملک
ڈوڈہ //بھدرواہ بنی پٹھانکوٹ شاہراہ پر بستی گاؤں کے قریب پیش آئے دلدوز سڑک حادثہ میں ایک خاتون سمیت 2 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ 4دیگر زخمی ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ہفتہ کے روز بعد دوپہر بھدرواہ بنی پٹھانکوٹ شاہراہ پر بستی کے قریب ایک سوفٹ گاڑی رجسٹریشن نمبر JK02DN-3062ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک سے نیچے لڑھک کے گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئی جبکہ 5دیگر زخمی ہوئے۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال بھدرواہ منتقل کیا جہاں پر ایک اور شخص نے دم توڑ دیا اس طرح سے اس حادثہ میں 2لوگ فوت ہوئے ہیں جبکہ 4دیگر زخمی ہوئے ہیں۔مرنے والوں کی شناخت زیتونہ بی بی (60)زوجہ محمد بشیر ساکنہ اکھنور و امام دین (60)ولد باری چوہدری ساکنہ گجر کالونی جموں کے طور پر ہوئی ہے۔حادثے میں زخمی ہونے والوں میں بدرالدین(38)ولد محمد علی ، یاسین(12) ولد محمد بشیر ، معصوم بی بی(45) زوجہ یعقوب علی اور بشیر محمد(50)ولد محمد علی ساکنان اکھنور شامل ہیں۔پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔