متعلقہ اداروں کو سات دنوں میں فائر سیفٹی این او سی جمع کرانے کی ہدایت
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں میونسپل کارپوریشن نے شہری حدود میں قائم تقریباً 200نجی ہسپتالوں، نرسنگ ہومز، ہوٹلوں، لاجز اور دیگر عوامی آمد و رفت والے تجارتی اداروں کو فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز محکمہ سے لازمی این او سی حاصل کرنے کے لیے نوٹس جاری کیے ہیں۔جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر دیوانش یادو کی ہدایت پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور فائر سیفٹی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔نوٹس میں متعلقہ اداروں کو سات دن کے اندر درست فائر سیفٹی این او سی جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جے ایم سی نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں این او سی پیش نہ کرنے یا جانچ کے دوران فائر سیفٹی ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر متعلقہ اداروں کو سیل کرنے سمیت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔کارپوریشن کے مطابق ہسپتالوں، ہوٹلوں اور دیگر تجارتی اداروں میں مناسب فائر فائٹنگ آلات، ہنگامی اخراج کے راستوں اور حفاظتی انتظامات کا فقدان انسانی جانوں اور املاک کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ جے ایم سی نے تمام اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ضروری منظوری حاصل کرکے متعلقہ دستاویزات جمع کرائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔