عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سرینگر میں شبانہ ناکہ چیکنگ کے دوران جموں و کشمیر پولیس کے ایک معطل کانسٹیبل کو ہیروئن نما نشہ آور مادہ کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار اہلکار کی شناخت آصف رحمان ریشی ولد عبد الرحمان ریشی ساکن بون پورہ، بٹہ مالو کے طور پر ہوئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ وہ جموں و کشمیر پولیس میں کانسٹیبل کے طور پر تعینات تھا اور سال 2025 سے معطل چل رہا تھا۔
اطلاعات کے مطابق پولیس اسٹیشن شیرگڑی کی ایک ٹیم نے آلوچی باغ بند کے مقام پر ناکہ چیکنگ کے دوران مشتبہ شخص کو روک کر اس کی تلاشی لی۔تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے تقریباً سات گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کیا گیا، جس کے بعد اسے فوری طور پر گرفتار کر کے برآمد شدہ مادہ ضبط کر لیا گیا۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن شیرگڑی میں ایف آئی آر نمبر 32/2026زیر دفعات 8/21این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج کر لی گئی ہےپولیس نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ منشیات کے اس مادے کے ماخذ کا پتہ لگایا جا سکے اور اس کیس سے جڑے ممکنہ روابط کی جانچ کی جا سکے۔
معطل پولیس اہلکار سرینگر میں ہیروئن نما نشہ آورشے سمیت گرفتار