عشرت حسین بٹ
پونچھ/ضلع پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں سیکورٹی فورسز نے ایک تلاشی کارروائی کے دوران پاکستانی کرنسی نوٹ اور پاکستانی موبائل فون نمبرز پر مشتمل ایک پرچی برآمد کی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ برآمدگی 118 ٹیریٹوریل آرمی کی روڈ اوپننگ پارٹی (ROP) کی جانب سے قومی شاہراہ 144A پر بھٹا دوڑیاں کے نزدیک علاقے کی نگرانی اور سرچ آپریشن کے دوران عمل میں آئی۔
کارروائی کے دوران سیکورٹی اہلکاروں نے پاکستانی کرنسی نوٹوں کا ایک ذخیرہ اور ایک ہاتھ سے لکھی گئی پرچی برآمد کی، جس پر متعدد ایسے موبائل فون نمبرز درج تھے جن کے پاکستان سے تعلق ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔برآمد شدہ تمام مواد کو ضبط کرکے مزید جانچ کے لیے متعلقہ تحقیقاتی اور سیکیورٹی اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس برآمدگی کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ مواد کہاں سے آیا اور آیا اس کا تعلق کسی سرحد پار نیٹ ورک یا دیگر سیکیورٹی سے متعلق سرگرمیوں سے ہے یا نہیں۔سیکورٹی ایجنسیاں برآمد شدہ دستاویزات اور دیگر شواہد کا مختلف زاویوں سے جائزہ لے رہی ہیں اور معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
پونچھ میں تلاشی آپریشن کے دوران پاکستانی کرنسی اور موبائل نمبرز پر مشتمل پرچی برآمد