عارف بلوچ
اننت ناگ // اننت ناگ ضلع کے پہلگام علاقے میں ارو وادی روڈ پر گجر سنبل کے قریب بدھ کو ایک پرائیویٹ گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے ایک خاتون سمیت دو افراد کی موت ہو گئی۔ حکام نے کہاکہ ایک آلٹو کار زیر رجسٹریشن نمبر JK03C-6737 ، کو اس وقت المناک حادثہ پیش آیا جب مبینہ طور پر ڈرائیور نے ارو سڑک پر موڑ کے قریب گاڑی پر سے کنٹرول کھو دیا۔ گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جاگری ۔حکام نے بتایا کہ جائے حادثہ سے دو لاشیں نکالی گئیں۔واقعے کے فورا ًبعد پولیس، ریسکیو اداروں اور مقامی رضاکاروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور وسیع پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ مہلوکین کا تعلق دیالگام اننت ناگ سے تھا۔ان میں سے ایک کی شناخت عمران حسین گنائی ساکن پیٹھ بگ یالگام کے بطور ہوئی ہے۔ خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ادھر گلمرگ،ٹنگمرگ سڑک پر بدھ کے روز ایک ٹیمپو ٹریولر الٹ جانے سے اڈیشہ کے آٹھ سیاح زخمی ہو گئے۔حکام کے مطابق گاڑی میں 11 سیاح سوار تھے اور وہ گلمرگ سے ٹنگمرگ آرہے تھے کہ راستے میں حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی۔حادثے کے فوراً بعد تمام سیاحوں کو طبی معائنے اور علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال ٹنگمرگ منتقل کیا گیا۔ ابتدائی طبی رپورٹ کے مطابق 8سیاحوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جبکہ تین سیاح محفوظ رہے اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ زخمیوں میں سے دو افراد کو مزید بہتر علاج کے لیے سری نگر کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیش شروع کر دی۔