عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سابق کرکٹر، سابق رکنِ پارلیمان اور سینئر کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو نے کل نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ سے اْن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے ملک اور جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، خطے میں پیش رفت، عوامی مسائل اور مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر جموں و کشمیر کی قدرتی خوبصورتی، یہاں کی منفرد ثقافت، عوام کی مہمان نوازی اور سیاحت کے فروغ سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نوجوت سنگھ سدھو نے باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عوامی رابطوں، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی۔دریں اثناء چاڈورہ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ لوگوں کی راحت رسانی نیشنل کانفرنس کا بنیادی ایجنڈا ہے اور یہاں کے عوام کے چھینے گئے حقوق اور ریاستی درجے کی بحالی کیلئے ہماری جدوجہد جاری و ساری ہے۔