عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے محرم الحرام کے مقدس مہینے کے پیش نظر کل جڈی بل میں ایک جامع میڈیکل کیمپ کا اِفتتاح کیا جس کا مقصد محرم الحرام کے ایام کے دوران عقیدت مندوں اور عام لوگوںکے لئے قابل رَسائی صحت خدمات اور ایمرجنسی طبی تیاریوںکو یقینی بنانا ہے۔یہ میڈیکل کیمپ شیرکشمیر اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کی جانب سے حکومت کی محرم الحرام کی وسیع تیاریوں کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ کیمپ میں عمومی طبی مشاورت، صحت کی جانچ، اِبتدائی طبی امداد، ایمرجنسی نگہداشت کی سہولیت، ضروری اَدویات کی فراہمی اور صحت عامہ سے متعلق بیداری جیسی مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اِس موقعہ پر وزیر صحت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت محرم الحرام کے ایام کے دوران مناسب طبی سہولیات اور بغیر کسی رْکاوٹ کے طبی خدمات کو یقینی بنانے کے لئے پْرعزم ہے۔
اْنہوں نے کہا کہ عزاداروں اور عقیدت مندوں کی طبی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اہم اجتماعی مقامات اور جلوسوں کے راستوں پر خصوصی اِنتظامات کئے جا رہے ہیں۔اْنہوں نے کہا، ”محرم الحرام کا مقدس مہینہ بہت زیادہ مذہبی اور روحانی اہمیت کا حامل ہے۔ ہماری اوّلین ترجیح یہ ہے کہ عقیدت مندوں کو معیاری طبی سہولیات اور ایمرجنسی طبی اِمداد تک مکمل رسائی حاصل ہو۔ محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس عرصے کے دوران مکمل طور پر تیار اور فعال رہے۔سکینہ اِیتو نے کہا کہ سری نگر سمیت دیگر اضلاع جہاں محرم الحرام کے اجتماعات منعقد ہوتے ہیں، میں مخصوص میڈیکل ٹیمیں، ایمبولینسیں، ایمرجنسی رسپانس یونٹ اور ضروری ادویات اہم مقامات پر تعینات کی جا رہی ہیں۔ اْنہوں نے مذہبی تقریبات کے پْرامن اور منظم اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے مختلف محکموں کے درمیان اہم آہنگی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اْنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ مقدس مہینے کے دوران طبی خدمات کی بلا تعطل فراہمی، اَدویات کی دستیابی اور ایمرجنسی طبی بنیادی ڈھانچے کی چوبیس گھنٹے تیاری کو یقینی بنایا جائے۔اِس موقعہ پررْکن قانون ساز اسمبلی زڈی بل تنویر علی صادق، ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اشرف گنائی، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، سی ایم او سری نگر اور ضلعی اِنتظامیہ و محکمہ صحت کے دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔