عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر/// محرم الحرام کے آغاز پر اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ امامِ عالی مقام حضرت امام حسینؑ نے ہمیں ایمان، عدل، صبر، شجاعت اور قربانی کے اعلیٰ ترین اصول سکھائے ہیں اور محرم الحرام ہمیں ان انمول اصولوں کی یاد دلاتا ہے۔اپنے پیغام میں اپنی پارٹی کے سربراہ نے کہا، ’’امامِ عالی مقام حضرت امام حسینؑ نے ہمیں سکھایا کہ ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے کس طرح نیک، مہربان، صابر اور بہادر رہنا ہے، اور یہ موقع ہمیں ان لازوال اقدار اور تعلیمات کی بھرپور یاد دہانی کراتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’محرم الحرام انسانی تاریخ میں بے پناہ اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ امامِ عالی مقام حضرت امام حسینؑ نے ہمیں یہ درس دیا کہ ناانصافی، ظلم اور جبر کے خلاف کس طرح ثابت قدم رہنا ہے، خواہ اس کے لیے جان کی قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑے۔ بخاری نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس مہینے کے دوران مناسب انتظامات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا، ’’میں انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ محرم الحرام کے سلسلے میں تمام ضروری انتظامات کیے جائیں۔ انتظامیہ کو چاہیے کہ اس مقدس مہینے کے دوران، خصوصاً جموں و کشمیر کے شیعہ اکثریتی علاقوں میں، ضروری اشیائے زندگی، طبی سہولیات، پینے کے صاف پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے۔ متعلقہ محکمے امام بارگاہوں اور دیگر اہم مذہبی مقامات کے اندر اور اطراف میں صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے مناسب انتظامات بھی یقینی بنائیں۔‘‘