عظمیٰ نیوز سروس
سندربنی// بی جے پی پی او جے کے ریفیوجی سیل جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کی جانب سے پاکستانی مقبوضہ جموں و کشمیر (پی او جے کے) میں مبینہ طور پر بے گناہ شہریوں کے قتل کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج کی قیادت سیل کے صدر بلویندر سنگھ سودن اور پروگرام انچارج سریندر سنگھ نے کی۔احتجاجی مارچ میں بی جے پی ریفیوجی سیل کے مختلف عہدیداران، ضلع کنوینرز، شریک کنوینرز اور ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پی او جے کے میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔
شرکاء نے پاکستان فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں پر گہری تشویش ظاہر کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پی او جے کے کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم، جبر اور بنیادی حقوق سے محرومی کا شکار ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستان فوج وہاں کے عوام کی آواز دبانے کیلئے طاقت کا استعمال کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں معصوم شہری اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلویندر سنگھ سودن نے کہا کہ پی او جے کے میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور عالمی برادری کو اس پر خاموش نہیں رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف جرم ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی او جے کے کے عوام کو آزادی اظہار، بنیادی سہولیات اور تحفظ جیسے بنیادی حقوق حاصل نہیں ہیں۔ ان کے مطابق وہاں کے لوگ خوف اور عدم تحفظ کی فضا میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے عالمی انسانی حقوق تنظیموں اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لیں اور وہاں ہونے والے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائیں۔احتجاجی مظاہرے کے دوران مقررین نے حکومت ہند سے بھی مطالبہ کیا کہ پی او جے کے کے عوام کے مسائل کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اٹھایا جائے۔ مظاہرین نے وزیر اعظم ،مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر دفاع سے اپیل کی کہ وہ پی او جے کے کے عوام کی سلامتی، تحفظ اور فلاح و بہبود کیلئے سفارتی سطح پر تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھیں۔مقررین نے کہا کہ پی او جے کے میں رہنے والے لوگ بھی کشمیری اور ہندوستانی عوام کے بھائی ہیں اور ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بی جے پی پی او جے کے ریفیوجی سیل مستقبل میں بھی وہاں کے عوام کے حقوق، عزت اور انصاف کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔احتجاج کے اختتام پر مظاہرین نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور عالمی اداروں سے فوری مداخلت کی اپیل کی۔