رمیش کیسر
نوشہرہ//سب ڈویژن نوشہرہ کے علاقے بریر ی میں گزشتہ تقریباً بیس دنوں سے پینے کے پانی کی سپلائی مکمل طور پر متاثر ہونے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقے کے مکینوں نے متعلقہ محکمہ اور ضلعی انتظامیہ سے فوری مداخلت کرتے ہوئے پانی کی سپلائی بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق پانی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔ خواتین، بزرگوں اور بچوں کو دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے جبکہ کئی خاندانوں کو نجی ٹینکروں کے ذریعے مہنگے داموں پانی خریدنا پڑ رہا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں پانی کی قلت نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ بارہا جل شکتی محکمہ کے حکام کو اس مسئلے سے آگاہ کیا گیا، تاہم ابھی تک سپلائی بحال کرنے کے لیے کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا گیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پانی جیسی بنیادی سہولت کی عدم دستیابی سے عوام میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے اور اگر جلد مسئلہ حل نہ کیا گیا تو احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔مقامی سماجی کارکنوں اور پنچایتی نمائندوں نے بھی اس صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ پانی کی سپلائی متاثر ہونے کی اصل وجہ معلوم کر کے فوری طور پر مرمت کا کام مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔علاقے کے مکینوںنے کہا کہ پانی کی قلت کے باعث نہ صرف گھریلو کام متاثر ہو رہے ہیں بلکہ مویشی پالنے والے افراد کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔ لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ عارضی طور پر پانی کے ٹینکروں کا انتظام کیا جائے تاکہ متاثرہ آبادی کو کچھ راحت فراہم کی جا سکے۔عوام نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ اور جل شکتی محکمہ اس سنگین مسئلے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے جلد از جلد پانی کی سپلائی بحال کریں گے تاکہ باریر ی کے لوگوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔