جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اورجوابدہی مقصد
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر پولیس نے پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کی سمت ایک اہم اور دور رس فیصلہ کرتے ہوئے مرکز کے ’’وکست بھارت،2047‘‘ وڑن کے مطابق مرکزی زیر انتظام علاقے کے تمام 257 پولیس تھانوں کے لیے سینئر پولیس افسران کو بطور ’’مینٹور‘‘ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کے تحت ڈی آئی جی سے لے کر ایس پی رینک تک کے 257 افسران ایک ایک پولیس اسٹیشن کی سرپرستی اور رہنمائی کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔پولیس ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات کے مطابق اس منصوبے کا مقصد پولیس تھانوں کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا، عوامی اعتماد کو مستحکم کرنا، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا اور پولیسنگ کو زیادہ جوابدہ اور شہری مرکوز بنانا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق اس فیصلے کی بنیاد حالیہ ڈی جی پیز اور آئی جی پیز کانفرنس میں کی گئی سفارشات پر رکھی گئی ہے، جس میں اس بات پر زور دیا گیا تھا کہ سینئر پولیس افسران کے تجربے، قیادت اور انتظامی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے زمینی سطح پر پولیس اداروں کو مضبوط بنایا جائے۔احکامات کے مطابق یہ فہرست ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے مؤثر رہے گی اور اس مدت کے دوران نامزد افسران اپنے اپنے تھانوں میں مختلف شعبوں کا جائزہ لیتے رہیں گے۔
افسران کو یہ ذمہ داری بھی دی گئی ہے کہ وہ پولیس اسٹیشنوں میں جرائم سے متعلق ریکارڈ، رجسٹرز اور دیگر سرکاری دستاویزات کی دیکھ بھال کے نظام کا جائزہ لیں اور اس حوالے سے ضروری مشورے فراہم کریں۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا۔ پولیس ہیڈکوارٹر نے واضح کیا ہے کہ مینٹور افسران کسی بھی صورت میں جرائم کی تفتیش، مقدمات کی نگرانی، آپریشنل معاملات، مالیاتی امور یا سروس سے متعلق شکایات کے ازالے میں مداخلت نہیں کریں گے کیونکہ یہ تمام معاملات ضلعی پولیس دفاتر، رینج پولیس ہیڈکوارٹرز اور زونل پولیس ہیڈکوارٹرز کے دائرہ اختیار میں رہیں گے۔حکم نامے کے مطابق متعدد اہم پولیس تھانوں کو سینئر افسران کی نگرانی میں دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی رئیس محمد بٹ کو سری نگر کے تاریخی شیرگڑی پولیس اسٹیشن کا مینٹور مقرر کیا گیا ہے، جبکہ راجیو پانڈے کو نشاط پولیس اسٹیشن اور سری دھر پاٹل کو جموں کے جنی پورہ پولیس اسٹیشن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔اسی طرح مبشر لطیفی کو نگروٹہ، راجیشور سنگھ کو گول، جتیندر سنگھ جوہر کو گاندھی نگر، سوارن سنگھ کو کاناچک اور زاہد منہاس کو گھروٹہ پولیس اسٹیشن کا مینٹور مقرر کیا گیا ہے۔دیگر اہم تقرریوں میں رمیش انگرال کو ریناواری، طاہر سجاد بٹ کو سائبر پولیس اسٹیشن جموں، امود ناگپورے کو پہلگام، امرت پال سنگھ کو رہمبل، سنجے کوٹوال کو ماتا ویشنو دیوی بھون، شیلندر سنگھ کو گنگیال، بینام توش کو پنچیری، جوگندر سنگھ کو میران صاحب اور شمشیر حسین کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ یونٹ جموں کا مینٹور مقرر کیا گیا ۔رندیپ کمار کو پورمنڈل، پون پریہار کو جی آر پی منوال، یوگل منہاس کو پیر میتھا، ارون گپتا کو رام بن، وریندر منہاس کو رام گڑھ، سنجے پریہار کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ یونٹ ادھم پور، شاہین وحید کو کٹھوعہ، وویک شیکھر شرما کو لکھن پور، موہن شرما کو سٹی جموں، راج پال سنگھ منہاس کو دھرم کنڈ، منیش کمار کو رامسو، گورو مہاجن کو گرسائی، رمنیش کمار کو گنڈوہ، سچن گپتا کو دھرم شال، وشال منہاس کو مینڈھر، ڈاکٹر اجے شرما کو لوران، سنیل کمار کیسر کو بلاور اور شیوالی کوٹوال کو ستواری پولیس اسٹیشن کی نگرانی سونپی گئی ہے