عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وادی میں جمعرات کو بعد دوپہر تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ہی متعدد مقامات پر موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔محکمہ موسمیات نے 12جون سے وادی میں موسم کے بدلائو کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ اور سنیچر کے روزہلکی اور تیز بارشیں ہونے کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ 13-17 جون کو جزوی سے عمومی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارش اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہاکہ 12اور 13جون کو تیز ہوائیں اور بارشیں ہونگیں جبکہ 14جون کی دوپہر سے موسم ٹھیک ہونا شروع ہوگا۔اس دوران بعض اوقات پر 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے امکانات ہیں۔جمعرات کی شام وادی کے کئی علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں اور شدید بارشیں بھی ہوئین تاہم انکا دورانیہ مختصر رہا۔اس دوران دودھ پتھری میں شدید قسم کی ژالہ باری ہوئی جو کافی دیر تک جاری رہا۔ گلمرگ کے افروٹ میں ہلکی برفباری ہوئی۔اس دوران جموں میں شدید گرمی کا زور جمعرات کو اس وقت ٹوٹا جب گہرے بادل چھا گئے اور شہر میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں۔بارشیں کا فی دیر تک جاری رہیں جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہوا اور عبور و مرور کے علاوہ ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا۔بارش کیساتھ ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں جس سے کئی کھمبے اکھڑ گئے اور عارضی ٹین چادریں بھی اڑ گئیں۔