عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// صحت و طبی تعلیم، سکولی تعلیم اور سماجی بہبود کی وزیرسکینہ اِیتو نے کل ضلع بڈگام میں بیروہ حلقے کا تفصیلی ترقیاتی دورہ کیا اور کئی اہم صحت سہولیات کا اِفتتاح کر نے کے علاوہ تعلیمی بنیادی ڈھانچے کے متعدد اہم منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ وزیر نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال ماگام میں جدید ترین لیپروسکوپی یونٹ کا اِفتتاح کیا۔اْنہوں نے حلقے میں صحت سہولیات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال بیروہ میں بھی ایک لیپروسکوپی یونٹ کا اِفتتاح کیاجو نچلی سطح پر مریضوں کو سستااور کم تکلیف دہ جراحی علاج مقامی سطح پر فراہم کرے گا۔وزیر سکینہ اِیتو نے تعلیمی شعبے میں گورنمنٹ ڈِگری کالج (جی ڈِی سی) ماگام میں ایک مخصوص اِنتظامی بلاک کا سنگِ بنیاد رکھا ۔
اْنہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج بیروہ میں ایک جدید آڈیٹوریم ہال ،گورنمنٹ ہائی سکول رٹھسن بیروہ کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد بھی رکھا ۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے کہا کہ صحت اور تعلیم عوامی فلاح و بہبود کے بنیادی شعبے ہیں اوریقین دِلایا کہ معیاری خدمات اور جدید سہولیات کو یونین ٹیریٹر ی کے کونے کونے تک پہنچنے کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ممبر قانون ساز اسمبلی بیروہ ڈاکٹر شفیع احمد وانی نے حلقے میں اہم ترقیاتی منصوبوں سے مقامی آبادی کو کافی فائدہ پہنچے گا۔ اْنہوں نے یقین دِلایا کہ تمام جاری کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔دورے کے دوران وزیرسکینہ اِیتو نے عوامی وفود، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور نوجوانوں کے گروپوں سے بھی ملاقات کی اور مختلف عوامی خدمات اور ترقیاتی مسائل کے حوالے سے روبرو رائے حاصل کی۔ اْنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات کا اَزالہ کرکے مقامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ مؤثر خدمات کی فراہمی اور بہتر طرز ِحکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔