سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے نوشہرہ سیکٹر میں فوج کے بم ناکارہ بنانے والے دستے اور جموں و کشمیر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دو ہائی ایکسپلوسیو گولوں کو کامیابی کے ساتھ محفوظ طریقے سے تباہ کر دیا۔ یہ گولے نوشہرہ کے جھنگر گاؤں میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب سے برآمد ہوئے تھے، جن سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔سرکاری ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں نے تین روز قبل جھنگڑ علاقے میں مشتبہ دھماکہ خیز مواد دیکھا تھا جس کے بعد فوراً پولیس اور فوج کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی فوج اور جموں و کشمیر پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حفاظتی اقدامات شروع کر دیے گئے۔حکام نے بتایا کہ دونوں گولے انتہائی خطرناک نوعیت کے تھے اور کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔
اس کے پیش نظر سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو سیل کر دیا اور مقامی لوگوں کو جائے وقوعہ کے قریب جانے سے سختی سے منع کیا گیا۔ علاقے میں سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے تاکہ کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہ ہو۔بدھ کے روز فوج کے بم ناکارہ بنانے والے دستے (بی ڈی ایس) نے جموں و کشمیر پولیس کے تعاون سے ایک کنٹرولڈ آپریشن انجام دیا۔ اس کارروائی کے دوران دونوں ہائی ایکسپلوسیو گولوں کو انتہائی احتیاط کے ساتھ ناکارہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا اور کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اگر ان گولوں کے ساتھ معمولی چھیڑ چھاڑ بھی کی جاتی تو ایک بڑا دھماکہ ہو سکتا تھا جس سے انسانی جانوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا۔ فورسز کی بروقت کارروائی نے ایک ممکنہ سانحے کو ٹال دیا۔مقامی لوگوں نے فوج اور پولیس کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی اداروں کی مستعدی کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایل او سی کے قریبی علاقوں میں ایسے خطرناک مواد کی تلاش اور صفائی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہری محفوظ رہ سکیں۔