سمت بھارگو
راجوری//سرحدی ضلع راجوری میں واقع خوبصورت اور تاریخی ڈھنی دھار قلعہ ان دنوں صفائی کے سنگین مسئلے سے دوچار ہے۔ قدرتی حسن اور پْرسکون ماحول کے لیے مشہور یہ سیاحتی مقام کھلے عام پھینکے گئے کچرے کی وجہ سے بدصورتی اور آلودگی کا شکار بنتا جا رہا ہے، جس پر مقامی لوگوں اور سماجی تنظیموں نے گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ڈھنی دھار قلعہ راجوری شہر کے قریب ایک پہاڑی پر واقع ہے جہاں روزانہ بڑی تعداد میں مقامی لوگ، نوجوان اور سیاح قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے پہنچتے ہیںتاہم شرپسند عناصر اور غیر ذمہ دار افراد کی جانب سے جگہ جگہ کچرا پھینکنے کے باعث اس تاریخی مقام کی خوبصورتی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ذرائع کے مطابق قلعہ کے اطراف شراب کی خالی بوتلیں، سگریٹ کے پیکٹ، پلاسٹک کا فضلہ اور یہاں تک کہ نشہ آور اشیاء کے استعمال سے متعلق انجکشن اور گولیوں کے خالی پتے بھی بکھرے ہوئے پائے گئے۔
ان مناظر نے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کے خدشات کو بڑھا دیا ہے بلکہ عوامی مقامات کے غلط استعمال پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔اس صورتحال کے پیش نظر ورلڈ ہیومن رائٹس کونسل (ڈبلیو ایچ آر سی) نے ڈھنی دھار قلعہ میں ایک خصوصی صفائی مہم کا انعقاد کیا تاکہ اس تاریخی اور قدرتی مقام کی خوبصورتی کو دوبارہ بحال کیا جا سکے اور لوگوں میں صفائی کے تئیں بیداری پیدا کی جا سکے۔صفائی مہم کے دوران مقامی نوجوانوں، بچوں اور رضاکاروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور قلعہ کے مختلف حصوں سے کچرا جمع کیا۔ شرکاء نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سیاحتی مقامات کو صاف ستھرا رکھنے میں تعاون کریں اور قدرتی ماحول کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔اس مہم کی قیادت ریاستی صدر بال کرشن شرما اور ریاستی نائب صدر ردھیش شرما نے کی۔ اس موقع پر ضلع صدر ورون چندن، جنرل سیکریٹری وکاس گپتا، خزانچی سمیت شرما، قانونی مشیر ترون وسون، نائب صدر راہل ایشر اور خواتین ونگ کی ضلع صدر شیکھا بالی بھی موجود تھیں۔مقررین نے کہا کہ ڈھنی دھار قلعہ راجوری کی شناخت اور خوبصورتی کی علامت ہے، جس کی حفاظت ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے صفائی کے اصولوں پر عمل نہ کیا تو آنے والی نسلیں اس خوبصورت مقام سے محروم ہو سکتی ہیں۔تنظیم کے عہدیداروں نے انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا کہ علاقے میں مناسب صفائی کا انتظام، کچرا دانوں کی تنصیب اور نگرانی کے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ اس تاریخی مقام کو محفوظ رکھا جا سکے۔ آخر میں شرکاء نے عہد کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسی مہمات جاری رکھیں گے تاکہ راجوری کے سیاحتی مقامات کو صاف، خوبصورت اور پرکشش بنایا جا سکے۔