جاوید اقبال
مینڈھر// ضلع کانگریس صدر شاہنواز چوہدری کی قیادت میں ڈاک بنگلہ مینڈھر میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس کے بعد کانگریس پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کے دوران کارکنوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے عوامی مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی پروگرام میں فاروق چوہدری، یوتھ لیڈر اعجاز چوہدری سمیت کانگریس پارٹی سے وابستہ بڑی تعداد میں کارکنان اور حامیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خورد و نوش، گیس، بجلی، پٹرول اور دیگر ضروری سامان کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے۔ضلع کانگریس صدر شاہنواز چوہدری نے اپنے خطاب میں حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ سرکار عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں جبکہ حکومت صرف دعووں اور اعلانات تک محدود ہے۔مقررین نے کہا کہ بے روزگاری اور مہنگائی نے نوجوان طبقے کو شدید متاثر کیا ہے اور حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر ایسے اقدامات کرے جن سے عوام کو راحت مل سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضروری اشیاء کی قیمتوں کو قابو میں لانے کے لیے مؤثر پالیسی اختیار کی جائے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔احتجاج کے اختتام پر کانگریس کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور خبردار کیا کہ اگر مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو پارٹی عوام کے ساتھ مل کر مزید بڑے احتجاج کرے گی۔