عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر کے لئے آئینی ضمانتوں اور ریاستی درجہ کی بحالی کے مطالبے کو دہراتے ہوئے نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے امید ظاہر کی ہے کہ پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے پہلے روز جنتر منتر کے نزدیک منعقد ہونے والے مجوزہ احتجاج میں انڈیا بلاک کی تمام جماعتیں بھرپور شرکت کریں گی۔سرنل اننت ناگ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام صرف بزنس رولز ہی نہیں بلکہ اپنے مکمل ریاستی حقوق کی بحالی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی مرکزی حکومت کا عوام کے ساتھ کیا گیا واضح وعدہ ہے، جس کا اعلان ملک اور دنیا کے سامنے کیا گیا تھا، اور اب عوام اس وعدے کی عملی تکمیل کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ ملاقات کے دوران یقین دہانی کرائی تھی کہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ عوام کو امید ہے کہ مرکزی حکومت اپنے اس وعدے کو جلد از جلد پورا کرے گی اور جموں و کشمیر کو اس کا جائز آئینی مقام واپس دیا جائے گا۔