عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے کل ضلع بانڈی پورہ کاتفصیلی دورہ کیا اور ضلع میں جاری کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کا معائینہ کرتے ہوئے ان کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اْنہوںنے اِس بات پر زور دیا کہ تمام منصوبوں پر کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ان منصوبوں کے فوائد حاصل ہو سکیں۔نائب وزیراعلیٰ نے نانی نارہ سنبل میں 120 میٹر ڈبل لین کمپوزٹ پْل کے جاری تعمیراتی کام کا معائینہ کیا اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ اْنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ کوالٹی پیرا میٹروں پر سختی سے پابندی کی جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے کام میں مزید تیزی لائی جائے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے احمد صاحب نانی نارہ کی زیارت گاہ کے قریب واقع سنبل فٹ برج کا بھی دورہ کیا اور مقامی باشندوں کو یقین دِلایا کہ عوامی سہولیت اوررابطے کے پیش نظر اس طویل عرصے سے زیر اِلتوا ?منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے گا۔
اْنہوں نے گروڑہ پْل پر جاری تعمیراتی کاموں کی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے تاکہ پروجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جاسکے۔سریندر کمار چودھری نے مین مارکیٹ بانڈی پورہ کے گلشن چوک میں زیر تعمیر کار پارکنگ سہولیت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور پارکنگ کے اِنتظام کو بہتر بنانے میں نمایاں مدد کرے گا جس سے تاجروں اور آنے والے اَفراد کو فائدہ پہنچے گا۔اْنہوں نے ندیم میموریل ہائیر سیکنڈری سکول کالوسہ میں گرلز ہوسٹل اور کمپوزٹ عمارت کا بھی معائینہ کیا اور طلبا? کوساز گار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لئے معیاری تعلیمی بنیادی ڈھانچے کی اہمیت پر زور دیا۔نائب وزیراعلیٰ نے سوپور۔بانڈی پورہ سڑک کے معائینے کے دوران سڑک کی موجودہ حالت کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ سڑک کے رابطے، مسافروں کی حفاظت اور سفر کی مجموعی سہولیت کو بہتر بنانے کے لئے جاری کاموں کو تیز کریں۔اْنہوں نے گنڈ سدرکوٹ میں پتھر کی کھدائی کے مقام پر ایک عوامی اِجتماع سے خطاب کیا اور کالوسہ پْل پر ایک وفد سے بھی ملاقات کی۔اْنہوں نے معائینے کے دورا ن بانڈی پورہ۔سوپورروڈ پر ایک نئے پْل کی تعمیر کے احکامات جاری کئے اور اس منصوبے کے لئے 1.20 کروڑ روپے کے فنڈز بھی جاری کئے۔