عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سینٹرل شالہ ٹینگ حلقے سے تعلق رکھنے والے متعدد سرکردہ سیاسی و سماجی کارکنان نے کل اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ نئے اراکین کا باقاعدہ استقبال اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری اور دیگر سینئر رہنماؤں نے سرینگر میں پارٹی صدر دفتر پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا۔نئے اراکین کا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے انہیں یقین دلایا کہ وہ تنظیم میں شمولیت کے اپنے فیصلے پر کبھی پشیمان نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ روایتی سیاسی جماعتوں کے برعکس اپنی پارٹی دھوکہ دہی کے بجائے سچائی، شفافیت اور دیانتداری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
روایتی سیاسی جماعتوں کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے بخاری نے کہا کہ ان جماعتوں نے کئی دہائیوں تک غیر حقیقت پسندانہ وعدوں اور جذباتی نعروں کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا ہے۔انہوں نے کہا، ’’گزشتہ سات دہائیوں کے دوران روایتی سیاسی جماعتیں اور ان کے رہنما یا تو جھوٹے وعدوں کے ذریعے یا جذباتی نعروں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرتے رہے ہیں۔ مختلف اوقات میں انہوں نے کبھی ’رائے شماری‘، کبھی’اٹانومی‘، کبھی ’سیلف رول‘ اور کبھی اسی طرح کے دیگر سیاسی نعروں کے ذریعے عوامی جذبات کو ابھارا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان جماعتوں کے فریب کا شکار ہونا بند کریں۔پنی پارٹی جوائن کرنے والوں میں لوک جن شکتی پارٹی کے ضلع صدر عمر خضر، سیاسی و سماجی کارکنان طارق احمد شیخ، نذیر احمد لون، فیروز احمد آہنگر، سمیرا عمر (سابق کانگریس کارکن)، بلال احمد میر، نور محمد گنائی، ریاض احمد صوفی، محمد امین لون، خالد احمد جو، دانش احمد بٹ، فردوس احمد شگو، اسرار احمد وانی، عبد الرحمن گنائی، عاقب احمد ڈار، ریاض احمد شیخ، تاشوق احمد لون، ظہور احمد شگو، مشتاق احمد ڈار، زبیر احمد لون، عمر احمد لون، محمد رفیق اور دیگر شامل ہیں۔