عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/منشیات کے کاروبار کے خلاف اپنی مسلسل کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے اور ’’نشہ مُکت جموں و کشمیر ابھیان‘‘ کے تحت سخت اقدامات کرتے ہوئے، سرینگر پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کے تحت دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں کی تقریباً 3.5 کروڑ روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کرلی ہیں۔
پہلی کارروائی میں پولیس اسٹیشن نگین نے ایف آئی آر نمبر 30/2021 زیر دفعات 8/21 این ڈی پی ایس ایکٹ کے سلسلے میں دفعہ 68(F)(1) کے تحت تقریباً 1.30 کروڑ روپے مالیت کی ایک غیر منقولہ جائیداد ضبط کی۔ اس جائیداد میں حبک کراسنگ حضرتبل میں واقع ایک دو منزلہ رہائشی مکان اور اس سے ملحقہ زمین شامل ہے، جو راحیل منظور ملا ولد منظور احمد ملا ساکن ہبک کراسنگ حضرتبل کی ملکیت ہے۔
ایک علیحدہ کارروائی میں پولیس اسٹیشن صورہ نے منشیات کی غیر قانونی تجارت میں ملوث عادل رشید گڈو ولد عبدالرشید گڈو ساکن کیل خان گلی (حیدر کالونی) اپر صورہ کی تقریباً 2.20 کروڑ روپے مالیت کی رہائشی جائیداد کو دفعہ 68-F این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کیا۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دونوں جائیدادیں منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل ہونے والی آمدنی سے بنائی گئی تھیں۔ چنانچہ این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات کے تحت ان جائیدادوں کو باضابطہ طور پر ضبط اور منجمد کردیا گیا ہے۔ضبطی احکامات کے تحت مالکان کو ان جائیدادوں کی فروخت، منتقلی، لیز، تبدیلی، تصرف یا کسی تیسرے فریق کے مفاد کے قیام سے روک دیا گیا ہے، جب تک کہ مزید قانونی کارروائی مکمل نہیں ہوجاتی۔
سرینگر پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت منشیات فروشوں کی 3.5 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کرلیں