عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کی وزیرِ تعلیم سکینہ ایتونے ہفتہ کو کہا کہ حکومت نے ٹیچر ایلیجیبلیٹی ٹیسٹ (ٹی ای ٹی) معاملے میں سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر کر دی ہے اور اساتذہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے حکومت پوری طرح پُرعزم ہے۔وزیر تعلیم نے سماجی رابطہ ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’جیسا کہ وعدہ کیا گیا تھا، معزز سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ حکومت مسلسل اس معاملے کی پیروی کرتی رہی ہے اور اساتذہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح سنجیدہ ہے۔‘‘واضح رہے کہ 30 مئی کو حکومت نے اعلان کیا تھا کہ ٹی ای ٹی معاملے پر سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر کی جائے گی۔
سکینہ ایتو نے اس سے قبل بھی کہا تھا کہ جموں و کشمیر کے اساتذہ سے متعلق ٹی ای ٹی معاملے میں حکومت نے ہمیشہ ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نہ صرف اس معاملے کو مسلسل اٹھایا بلکہ عملی اقدامات بھی کیے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ماضی میں بھی حکومت نے اساتذہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ حکومت نے سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور نے 26 مئی 2026 کو اپنے اسٹینڈنگ کونسل کو ضروری قانونی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔وزیر تعلیم کے مطابق نظرثانی کی درخواست تیار کر لی گئی تھی اور اسے رواں ہفتے سپریم کورٹ میں دائر کیا جانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اساتذہ کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح پابند عہد ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ فروری کے آخری ہفتے میں محکمہ اسکولی تعلیم نے ٹی ای ٹی سے متعلق اپنے حکم نامے کو اگلے احکامات تک معطل رکھا تھا۔اس ضمن میں اسکولی تعلیم محکمہ کے سیکریٹری نے ایک حکم نامے میں کہا تھا کہ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (جے کے بوس) / اسٹیٹ اسکول اسٹینڈرڈز اتھارٹی (ایس ایس ایس اے) کو ٹی ای ٹی منعقد کرنے کے لیے نوڈل ایجنسی مقرر کرنے سے متعلق حکومتی حکم کو اگلے احکامات تک مؤخر رکھا جاتا ہے۔
قبل ازیں محکمہ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ ہند کی ہدایات کی تعمیل میں جے کے بوس، اسٹیٹ اسکول اسٹینڈرڈز اتھارٹی (ایس ایس ایس اے) کو جموں و کشمیر میں ٹی ای ٹی منعقد کرانے کے لیے فوری طور پر نوڈل ایجنسی مقرر کیا جاتا ہے۔
ٹی ای ٹی معاملہ: حکومت نے سپریم کورٹ میں نظرِ ثانی کی درخواست دائر کردی