عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ضلع شوپیاں کے زینہ پورہ علاقے میں سی آر پی ایف کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر اچانک گر کر فوت ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق اہلکار، جو ہارٹیکلچر کیمپ زیناپورہ میں تعینات تھے، کیمپ کے اندر اچانک بے ہوش ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر زینہ پورہ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔متوفی اہلکار کی شناخت کٹھوعہ ضلع کے راج باغ علاقے کے رہائشی کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی شروع کر دی ہے ۔اس دوران ضلع کولگام کے ڈی ایچ پورہ کے چمر علاقے میں 25 سالہ نوجوان اپنے گھر میں مردہ حالت میں پایا گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق متوفی کی شناخت ایک میکینک اور گریجویٹ نوجوان کے طور پر ہوئی ہے، جس کی لاش گھر کے اندر لٹکی ہوئی حالت میں ملی۔ضروری طبی و قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔