سید رضوان گیلانی
سرینگر//جموں و کشمیر میں اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو فروغ دینے کی ایک بڑی کوشش کے تحت، شیبولال فیملی فلانتھروپک انیشی ایٹوز (SFPI) نے اس سال جموں و کشمیر کے طلبہ کیلئے وِدیا دھن سکالرشپ 2026 کی درخواستیں طلب کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ آل انڈیا سکالرشپ، جس کی بنیاد 1999 میں انفوسس کے شریک بانی ایس ڈی شیبو لال اور کماری شیبولال نے رکھی تھی، معاشی طور پر کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے ذہین طلبہ کو مالی امداد فراہم کرتی ہے۔اپنے قیام سے اب تک یہ پروگرام لداخ، کیرالہ، کرناٹک اور راجستھان سمیت 23 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 18,260سے زائد طلبہ کو فائدہ پہنچا چکا ہے۔سال 2026کے مرحلے کے دوران، جموں و کشمیر کے وہ طلبہ جو اس سال دسویں جماعت کا امتحان پاس کر چکے ہیں، اب اس سکالرشپ کے لئے اہل ہوں گے۔ایس ایف پی آئی کے تحت وِدیا دھن سکالرشپ پروگرام معاشی طور پر پسماندہ خاندانوں سے تعلق رکھنے والے ذہین طلبہ کو گیارہویں جماعت سے لے کر گریجویشن تک سکالرشپ فراہم کرتا ہے۔بنگلورو میں قائم ایس ایف پی آئی سکالرشپ کے علاوہ ذہین طلبہ کو رہنمائی (مینٹورشپ) اور انٹرن شپ کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔ ایس ایف پی آئی کے پرنسپل کنسلٹنٹ پنکج ترپاٹھی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ادارہ طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی پر بھی توجہ دیتا ہے۔
اعلان کے مطابق درخواست دہندگان کےلئے ضروری ہے کہ انہوں نے 2026کے دسویں جماعت کے امتحانات میں کم از کم 75 فیصد نمبر یا 7.5 سی جی پی اے حاصل کیا ہو۔اعلان میں کہا گیا ہے کہ معذور طلبہ کیلئے یہ معیار 65فیصد نمبر یا 6.5سی جی پی اے مقرر کیا گیا ہے۔ خاندان کی سالانہ آمدنی دو لاکھ روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے، جس کی تصدیق متعلقہ تحصیلدار سے کرانا لازمی ہوگی۔اعلان کے مطابق امیدواروں کا انتخاب آن لائن ٹیسٹ اور اس کے بعد انٹرویو کی بنیاد پر کیا جائے گا۔فاؤنڈیشن نے طلبہ کو خبردار کیا ہے کہ درخواست کا پورا عمل مکمل طور پر مفت ہے اور اس نے’’انتخاب کے لئے کسی دوسرے فرد یا ادارے کو مجاز قرار نہیں دیا ہے‘‘۔اعلان کے مطابق طلبہ کو پاسپورٹ سائز تصویر، دسویں جماعت کی مارک شیٹ، آمدنی کا سرٹیفکیٹ اور طالب علم کے نام سے ایک کارآمد ای میل آئی ڈی اپ لوڈ کرنا ہوگی۔اعلان میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31جولائی 2026ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق درخواستیں آن لائن ودیان سکالر شپ پورٹل http://www.vidyadhan.org یاایس ڈی ایف ودیا موبائل ایپ کے ذریعے داخل کرائی جاسکتی ہیں۔ مزید معلومات یا مدد کے لیے امیدوار 08068333500 یا 9663517131 یا ای میل [email protected]پر رابطہ کر سکتے ہیں۔وشوناتھا کے ایس اس وقت سروجنی دامودرن فاؤنڈیشن، ایس ایف پی آئی کے سینئر منیجر ہیں۔