عظمیٰ نیوز سروس
ٹن سوکیا// آسام رائفلز اور پیرا کمانڈوز کی مشترکہ کارروائی میں پیر کی شام اروناچل پردیش کے چانگ لانگ ضلع میں میانمار سرحد کے قریب میاؤ سرکل کے دوئیمکھ نالہ علاقے میں نیشنل سوشلسٹ کونسل آف ناگالینڈ (این ایس سی این-کے انگ مائی) کے دو کارندے مارے گئے۔ہلاک ہونے والوں کی شناخت خود ساختہ لیفٹیننٹ کرنل اُمکونگ، جو نایانگ گاؤں کا رہائشی، اور چیتھوک گاؤں، لیئنونگ، ضلع چانگ لانگ کے رہائشی سارجنٹ اینو کے طور پر ہوئی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق این ایس سی این-کے (انگ مائی) تنظیم علاقے میں بڑے پیمانے پر بھتہ خوری میں ملوث تھی اور میاؤ علاقے میں متوازی حکومت چلا رہی تھی۔ چند روز قبل ملی ٹنٹس نے علاقے میں گشت کر رہی آسام رائفلز کی ایک ٹیم پر حملہ کیا تھا، جس میں ایک سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگیا تھا۔اس حملے کے بعد آسام رائفلز اور بھارتی فوج کی مشترکہ ٹیم نے ملی ٹنٹس کے ٹھکانوں کا سراغ لگانے اور انہیں ختم کرنے کے لیے تلاشی کارروائی شروع کی۔ 11 مئی کی دیر شام خفیہ اطلاع ملنے پر 08 آسام رائفلز اور 12 پیرا کمانڈو کی مشترکہ ٹیم نے دوئیمکھ نالہ علاقے میں 10 سے 15 ملی ٹنٹس کا تعاقب کیا۔گھنے جنگل میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹس کے درمیان ایک گھنٹے سے زیادہ دیر تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو ملی ٹنٹس مارے گئے جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔