عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //تمل ناڈو میں فلمی دنیا سے سیاست میں قدم رکھنے والے سپر اسٹار تھلاپتی وجے نے کمال کردیا ہے۔ وجے کی زیرقیادت ’ٹی وی کے‘ انتخابی رجحانات میں تیزی سے سبقت حاصل ہوئی۔تمل ناڈو کے ان رجحانات کے بعد ساؤتھ اسٹار وجے اور ان کے گھر کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ 2024 میں اداکاری کو الوداع کہنے کے بعد وجے نے 2026 کے انتخابات میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا اور اس میدان میں بھی دھماکہ کرتے نظر آرہے ہیں۔تھلاپتی وجے کا پورا نام جوزف وجے چندر شیکھر ہے، وہ تمل ناڈو اسمبلی انتخابات میں 2 سیٹوں (پیرمبور اور تروچراپلی ایسٹ) سے انتخابی میدان میں اترے ہیں۔ حالیہ انتخابات میں وجے کو علاقے کے عوام ہاتھوں ہاتھ لیتے نظر آرہے ہیں۔وجے کی ملکیت پر نظر ڈالیں تو الیکشن کمیشن کو سونپے گئے حلف نامے میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی کل مالیت 603.20 کروڑ روپئے ہے۔ ان میں مختلف بینک کھاتوں میں 213 کروڑ روپئے سے زیادہ جمع رقم ہے۔ اداکار-سیاستداں کے حلف نامے کو دیکھیں تو کل مالیت میں ان کی منقولہ جائداد 404.58 کروڑ روپئے کی ہے جبکہ وجے کے پاس 198.62 کروڑ روپئے کی غیر منقولہ جائداد ہے۔ ان کی ملکیت میں فلموں سے ہونے والی کمائی کا بڑا حصہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ برانڈ انڈورسمنٹ، ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ سمیت دیگر سرمایہ کاری کے ذریعہ انہیں موٹی کمائی ہوتی ہے۔ایک رپورٹ میں وجے کے انتخابی حلف نامے کے حوالے سے کہا گیا کہ ان کی بیوی سنگیتا نے 15.76 کروڑ روپئے کی الگ سے جائداد کا اعلان کیا ہے جس میں 15.51 کروڑ روپئے کی منقولہ اور 25 لاکھ روپئے کی غیر منقولہ جائداد شامل ہے۔ اتنی جائداد ہونے کے بعد بھی انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس کوئی واجب الادا نہیں ہے۔وجے نے حلف نامے میں اپنے پاس 2 لاکھ روپئے کی نقد رقم بتائی تھی۔ اس کے ساتھ ہی اس میں بتایا گیا تھا کہ ان کے پاس 883 گرام سونے کے زیورات اور 15 لاکھ روپئے قیمت کے چاندی کے زیورات بتائے گئے تھے۔ ساوتھ فلم انڈسٹری میں منفرد شناخت رکھنے والے تھلاپتی وجے لکژری کاروں کے بھی شوقین مانے جاتے ہیں۔ ان کے کار ذخیرے میں بی ایم ڈبلیو ۔ 530، ٹویوٹا لیکسس، ٹویوٹا ویلفائر اور بی ایم ڈبلیو آئی7 جیسے مہنگی کاریں شامل ہیں۔