عظمیٰ نیوز سروس
آسنسو//مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی کے دوران کل آسنسول میں ایک مرکز پر تشدد بھڑک اٹھا۔ یہ واقعہ آسنسول انجینئرنگ کالج میں قائم کیے گئے گنتی کے مرکز پر پیش آیا، جہاں پولنگ ایجنٹس کے بیچ ہاتھا پائی بدامنی میں بدل گئی۔ جھڑپ کے دوران کرسیوں اور گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی گئی، جس سے سکیورٹی اہلکاروں کو بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کرنا پڑا۔آسنسول درگاپور پولیس کمشنریٹ کے کمشنر پرناو کمار کے مطابق شرپسندوں نے ایک سیاسی پارٹی کے کیمپ کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملوث افراد کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ “ایک سیاسی جماعت کے کیمپ میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ توڑ پھوڑ کے ذمہ داروں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔”یہ تشدد ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب سخت مقابلے والے انتخابات میں بی جے پی کے حق میں ڈرامائی رجحانات دکھ رہے ہیں، جو اکثریت کا ہندسہ پار کرتے ہوئے نظر آ رہی ہے اور ممتا بنرجی کی قیادت والی ٹی ایم سی کے لیے بڑا چیلنج پیش کر رہی ہے۔