عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر میں زمین الاٹمنٹ اور سرکاری نوکریوں کے نام پر بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کے ایک اہم معاملے میں اکنامک آفینز ونگ نے چارج شیٹ داخل کر دی ہے، جس کے بعد کیس باقاعدہ عدالتی کارروائی کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق ایف آئی آر نمبر 84/2022 کے تحت دفعہ 420 آر پی سی میں درج اس کیس کی چارج شیٹ کورٹ آف جج سمال کازز سرینگر میں پیش کی گئی ہے۔ اس مقدمے میں بشیر احمد بٹ ولد عبدالغنی بٹ، ساکن آستان پورہ ،تیل بل،حضرت بل سری نگر کو نامزد کیا گیا ہے۔ تحقیقات کے مطابق ملزم نے جنوری 2019 میں متعدد افراد کو یہ جھانسہ دے کر بڑی رقم وصول کی کہ وہ انہیں جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت جموں میں زمین فراہم کرے گا اور ان کے رشتہ داروں کو سرکاری نوکریاں دلائے گا۔ تاہم نہ تو زمین فراہم کی گئی اور نہ ہی نوکریوں کا کوئی بندوبست کیا گیا۔ شکایات موصول ہونے کے بعد کرائم برانچ جموں کشمیر کے اکنامک آفینسز ونگ نے تحقیقات شروع کیں، جس میں یہ ثابت ہوا کہ ملزم نے دانستہ طور پر عوام کو گمراہ کیا اور جھوٹے وعدوں کے ذریعے ان سے رقم ہتھیائی۔ شواہد کی بنیاد پر اب عدالت میں چارج شیٹ داخل کر دی گئی ہے، جہاں اس کیس کی مزید سماعت ہوگی۔