عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت کے خلاف ایک مؤثر اقدام کے طور پر گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول راجوری میں ایک عظیم الشان پیرنٹ ٹیچر میٹنگ (پی ٹی ایم) کا انعقاد کیا گیا، جس میں بیداری، روک تھام اور عوامی شمولیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔اس موقع پر سینکڑوں طلبہ اپنے والدین کے ہمراہ شریک ہوئے جبکہ تدریسی عملہ نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پی ٹی ایم نے اسکول اور والدین کے درمیان اشتراک کو مضبوط بنانے اور نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔پروگرام میں ممتاز مقررین ایڈووکیٹ اشفاق احمد، ڈاکٹر غلام قادر اور سماجی کارکن سنجے شرما نے شرکت کی اور منشیات کے جسمانی، نفسیاتی اور سماجی نقصانات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مقررین نے طلبہ اور والدین کو اس خطرناک رجحان کے خلاف بیدار اور متحرک رہنے کی تلقین کی۔تقریب کی ایک نمایاں جھلک انسدادِ منشیات حلف برداری تھی، جس میں طلبہ اور والدین نے اجتماعی طور پر عہد کیا کہ وہ منشیات سے دور رہیں گے اور ایک صحت مند معاشرہ قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر اسکول میں اینٹی ڈرگ ایڈکشن کلب بھی قائم کیا گیا، جس کا مقصد مسلسل بیداری مہم کو فروغ دینا اور طلبہ کو اس میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔ مزید برآں، اسکول احاطے میں ’نشہ مکت کمپلینٹ باکس‘ بھی نصب کیا گیا تاکہ منشیات سے متعلق شکایات کو خفیہ طور پر درج کیا جا سکے۔والدین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسکول انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پرنسپل محمد مسلم وانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں، مسلسل آگاہی اور مضبوط اخلاقی رہنمائی ناگزیر ہیں۔تقریب کے اختتام پر ’نشہ مکت‘ پیغام کے ساتھ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔