رمیش کیسر
نوشہرہ//سب ڈویژن نوشہرہ کے گاؤں چوکی میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے بلاک ڈے کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے شرکت کر کے عوام کے مسائل براہِ راست سنے۔ اس پروگرام میں بلاک قلعہ درہل، بلاک نوشہرہ اور دیگر قریبی پنچایتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل حکام کے سامنے پیش کیے۔
بلاک ڈے کے دوران مختلف پنچایتوں کے سابق نمائندوں اور مقامی باشندوں نے اپنے علاقوں میں درپیش بنیادی مسائل، جن میں پینے کے پانی کی قلت، سڑکوں کی خستہ حالی، بجلی کی ناقص فراہمی، سرکاری اسکولوں میں عملے کی کمی اور دیگر عوامی مشکلات شامل ہیں، کو تفصیل سے بیان کیا۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا ہو سکے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما نے موجود تمام سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں اور اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے کاموں کو فوری طور پر مکمل کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا بنیادی مقصد عوام کو ان کے گھروں اور گاؤں کی سطح پر ہی تمام سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلاک ڈے جیسے پروگراموں کا انعقاد اسی مقصد کے تحت کیا جاتا ہے تاکہ عوامی شکایات کو موقع پر ہی سنا اور حل کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آج پیش کیے گئے تمام مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے مقامی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بلا خوف و خطر سرکاری حکام سے رجوع کریں اور اپنے مسائل اور خدشات کا کھل کر اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر کے دروازے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔اس بلاک ڈے میں تحصیلدار نوشہرہ رامپال شرما، مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور بڑی تعداد میں مقامی باشندے موجود تھے، جنہوں نے اس اقدام کو سراہا اور اسے عوامی فلاح کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔