عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے کہا ہے کہ ریاستی درجہ کی بحالی نہ ہونے پر اپوزیشن لیڈر سنیل شرما کو عوام کے سامنے جواب دینا ہوگا، کیونکہ یہ وعدہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے خود عوام سے کیا تھا۔جموں میں ایک تقریب کے حاشیے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سریندر چودھری نے کہا کہ وہ اور سنیل شرما دونوں دور دراز علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ اللہ کا کرم ہے کہ وہ آج اہم عہدوں پر فائز ہیں، اس لیے انہیں اس موقع کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بیان میں اپوزیشن لیڈر سنیل شرما نے عبداللہ خاندان کے خلاف سخت اور غیر ضروری ریمارکس دیے، جن سے گریز کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا’’ہمیں بڑی سیاسی شخصیات کے خلاف اس طرح کی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے‘‘۔سنیل شرما پر تنقید کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی کا مطالبہ صرف نیشنل کانفرنس کا نہیں بلکہ پورے جموں و کشمیر کے عوام کا مطالبہ ہے، اور یہ وعدہ بی جے پی نے عوام سے کیا تھا۔انہوں نے کہا’’وہ بھی عوام کے سامنے جواب دہ ہیں اور انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ بی جے پی نے ریاستی درجہ بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا، جس کے لیے انہیں جواب دینا ہوگا‘‘۔سریندر چودھری نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کے قیام کے بعد جموں و کشمیر میں ترقیاتی کاموں میں تیزی آئی ہے، اور زیر التوا عمارتوں، سڑکوں اور پلوں کے منصوبوں پر جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے، جو جلد مکمل ہونے کے بعد عوام کے لیے وقف کیے جائیں گے۔