عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//این آئی اے نے کل پلوامہ میں 2 مکان قرق کیے۔ ضبط کیے گئے مکانات کا تعلق نیم فوجی دستوں کے ایک کیمپ پر فدائین حملے میں ملوث ایک ملزم کے ساتھ بتایا جا رہا ہے۔ضبط کیے گئے دونوں رہائشی مکانات فیاض احمد ماگرے کے بتائے جا رہے ہیں، جو 2017 میں جیش محمد کے ذریعے کئے گئے لیتہ پورہ حملے کے ملزموں میں سے ایک ہے۔
فیاض اس وقت این آئی اے کی حراست میں ہے۔ضبط کی گئی جائیدادوں میں اونتی پورہ کے لیتہ پورہ میں ایک منزلہ اور دو منزلہ مکانات ہیں.سال 2017میں ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ علاقے میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے پانچ اہلکار اس وقت مارے گئے جب بھاری ہتھیاروں سے لیس جیش محمد نامی تنظیم کے ساتھ وابستہ ایک گروپ نے لیتہ پورہ میں سی آر پی ایف گروپ سینٹر پر حملہ کیا۔بدھ کو کی گئی یہ ضبطی 5 مارچ کو جموں میں این آئی اے کی عدالت کے حکم کے بعد عمل میں آئی ہے۔ حملے کے سلسلے میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ملزم فیاض احمد ماگرے کوفروری 2019 میں RC.10/2018/NIA/DLI کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ NIA نے اگست 2019 میں RPC اور UA (P) ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت اس پر فرد جرم عائد کی تھی، اور اس کے خلاف مقدمے کی سماعت جاری ہے۔لیتہ پورہ میں واقع سی آر پی ایف کیمپ پر 30 دسمبر 2017 کی رات جدید ترین ہتھیاروں، دھماکہ خیز مواد اور گولہ بارود سے لیس 3 نامعلوم ملی ٹیٹوں نے حملہ کیا۔ این آئی اے کی تحقیقات نے انکشاف کیا تھا کہ فیاض احمدجنوبی کشمیر میںجیش محمد کا ایک فعال اوور گراؤنڈ ورکر (او جی ڈبلیو) تھا۔ اس نے ان میٹنگوں میں حصہ لیا تھا جنہوں نے سی آر پی ایف سنٹر پر مہلک حملے کی منصوبہ بندی اور اسے انجام دیا تھا۔