عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ریاسی مکْند تیبریوال نے ارناس سب ڈویژن کے اہم مقامات کا تفصیلی سیکورٹی جائزہ لیا، جس میں کوری بکل پل، ریلوے اسٹیشن ڈگہ اور ساولاکوٹ شامل ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل ایس پی ریاسی افتخار احمد اور ایس ڈی پی او ارناس اْپدیش کمار بھی موجود تھے۔کوری بکل پل جو دریائے چناب پر واقع ایک نہایت حساس مقام ہے، وہاں ایس ایس پی نے سی آر پی ایف، جی آر پی اور ایس پی پی کوری کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے قریبی دیہات اور جنگلاتی علاقوں میں مشترکہ گشت کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف ایجنسیوں کے درمیان مضبوط تال میل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سخت رسائی کنٹرول اور جدید نگرانی کے نظام کے استعمال کی بھی ہدایت دی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔ریلوے اسٹیشن ڈگہ اور ساولاکوٹ میں ایس ایس پی نے ایس پی پی ساولاکوٹ، آر پی ایف اور ولیج ڈیفنس گارڈز (VDGs) کے ارکان سے بات چیت کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام سیکیورٹی سرگرمیوں کو روزانہ کی بنیاد پر دستاویزی شکل دی جائے اور وی ڈی جی ارکان کی باقاعدہ تربیت، بشمول فائرنگ پریکٹس، کو یقینی بنایا جائے۔ایس ایس پی نے پولیس پوسٹ ڈھنسال اور پولیس اسٹیشن ارناس کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے ریکارڈ کی بہتر دیکھ بھال اور احاطہ کی صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ تفتیشی افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ زیر التوا معاملات کو جلد نمٹانے، لاپتہ افراد کی تلاش اور مفرور ملزمان کی گرفتاری پر خصوصی توجہ دیں۔دورے کے اختتام پر ایس ایس پی نے واضح کیا کہ اہم تنصیبات خصوصاً مذہبی مقامات کی سیکیورٹی ضلع کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔