30اپریل تک مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کا امکان: محکمہ موسمیات
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وادی کشمیر میں لگاتار 3روز تک موسلادھار بارشوں کا موسم اتوار دوپہر بعد تھم گیا۔ کشمیر کے کئی اونچے علاقوں میں تازہ برف باری کے ساتھ میدانی علاقوں میں بارش کی وجہ سے اتوار کو پوری وادی میں درجہ حرارت میں کمی آئی۔ پچھلے تین روز کے دوران وادی بھر میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارشیں اور متعدد بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔اطلاعات کے مطابق ضلع بانڈی پورہ میں وادی گریز کے تلیل، سونمرگ علاقے میں زوجیلا پاس کے دونوں اطراف اور شوپیان کو پونچھ-راجوری خطے سے ملانے والی مغل روڈ کے ساتھ ساتھ برفباری ریکارڈ کی گئی۔میدانی علاقوں میں دن کے ابتدائی اوقات میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دن کے بعد موسم میں بہتری آتی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ برف باری اور بارش نے دن کے درجہ حرارت میں دو ڈگری کمی کی ہے۔تازہ برف باری کی وجہ سے مغل روڈ، سرینگرکرگل روڈ اور بانڈی پورہگریز روڈ سمیت کئی اہم سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔دریں اثنا، موسمیاتی مرکز سرینگر نے جموں و کشمیر میں جزوی طور پر خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے، البتہ کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ20-23 اپریل تک عام طور پر خشک موسم رہے گا۔24-25 اپریل کو جزوی طور پر ابر آلود رہنے کیساتھ ساتھ ایک یا دو جگہوں پرہلکی بارش/گرج چمک کے ساتھ کئی مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ دیر سے دوپہر/شام تک بارش ہوسکتی ہے۔26 اپریل کو دوپہر تک چند مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی بارش/گرج چمک کے ساتھ بارش کا مختصر وقفہ ہوگا۔27-28 اپریل کو پھر ایک بار عام طور پر خشک موسم رہے گا۔29-30 اپریل کو دوپہر کے آخر تک چند مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی بارش/گرج چمک کے ساتھ بارش کا مختصر وقفہ ہوگا۔