این آئی اے نے ہتھیاروں کی سمگلنگ کی تحقیقات شروع کردی
ایجنسیز
نئی دہلی// نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے)نے ہندوستان-پاکستان سرحد کے پار ڈرون کے ذریعے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی سمگلنگ کی تحقیقات شروع کی ہے، جس میں ہندوستان میں پر تشدد حملوں کو انجام دینے کے مقصد سے ایک بڑی سازش کا شبہ ہے۔حکام نے پیر کو کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے، انسداد ملی ٹینسی ایجنسی نے پاکستان میں مقیم ایک ملی ٹینٹ کارکن جسویر چودھری، اس کے ہندوستانی ساتھی شبھم کمار اور دیگر نامعلوم افراد کے مبینہ کردار کی تحقیقات کے لیے ایک مقدمہ درج کیا ہے۔
یہ مقدمہ اصل میں پنجاب پولیس نے رواں سال فروری میں درج کیا تھا۔ ریاستی اسپیشل آپریشنز سیل، امرتسر کو مصدقہ اطلاع ملی کہ چودھری کی ہدایت پر، اس کے ہندوستانی ساتھیوں نے اسلحے، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی)کی ایک بڑی کھیپ حاصل کی جو ڈرونز کے ذریعے ہندوستان-پاکستان سرحد کے پار گرائی گئی، جس کا مقصد دہلی اور ملک کے مختلف حصوں میں دھماکے کرنا تھا۔اس سلسلے میں ایک ایف آئی آر ریاستی پولیس نے 10 فروری کو درج کی تھی۔ اپنے حکم میں، وزارت داخلہ نے کہا کہ یہ مقدمہ ایک “غیر ملکی عنصر” کے ذریعہ ہندوستان میں ہتھیاروں، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کے استعمال سے دہشت گردانہ کارروائیوں کو انجام دینے کی مجرمانہ سازش سے متعلق ہے۔جرم کی سنگینی، اس کے سنگین حفاظتی اثرات، قومی اور بین الاقوامی روابط اور بڑی سازش کا پردہ فاش کرنے کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے، وفاقی ایجنسی سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے، حکم میں کہا گیا ہے کہ این آئی اے کے ذریعہ اس کی تحقیقات کی جانی چاہئے۔این آئی اے نے گزشتہ ماہ پنجاب میں اسلحہ گرانے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایف آئی آر بھی درج کی تھی۔