شاہراہ 12گھنٹے بعد بحال، پتھر گرنے سے پولیس گاڑی کو نقصان، پی ایس او زخمی
عظمیٰ نیوز سروس +محمد تسکین
سرینگر+بانہال // محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں آج سے ایک اور بارشی موسم کی پیش گوئی کی ہے، جس میں منگل کی دوپہر سے بدھ کی شام تک وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران اونچی جگہوں پر برف باری کا بھی امکان ہے۔پیشن گوئی کے مطابق، جموں ڈویژن کے خطہ چناب اور کشمیر ڈویژن کے جنوبی حصوں میں زیادہ تر درمیانی سے بھاری بارش ہو سکتی ہے، جبکہ اونچائی والے علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برف باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے 7 اور 8 اپریل کے دوران چند مقامات پر 40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری اور تیز ہوائوں کے امکان کی ایک ایڈوائزری وارننگ بھی جاری کی۔اس نے یہ بھی خبردار کیا کہ مختصر مدت کے لیے شدید موسلا دھار بارش سے لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 9 اور 10 اپریل کو چند مقامات پر ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔11 اپریل سے 16 اپریل تک موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے، حالانکہ دوپہر کو چند مقامات پر ہلکی بارش کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ادھر پیر کی شام کو شہر سرینگر ے پائین علاقوں میں بارش ہوئی۔ اسکے علاوہ جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور شوپیان میں بھی باشیں ہوئیں۔
شاہراہ
اتوار کی شب دیر گئے رام بن کے کرول علاقے میں پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے بند جموں سرینگر قومی شاہراہ کو پیر کو 12گھنٹے کے بعد جزوی طور پر صرف درماندہ ٹریفک کیلئے بحال کیا گیا ۔ اتوار اور پیر کی رات قریب بارہ بجے کرول اور چندرکوٹ کے درمیان بھاری ملبہ اور پتھر شاہراہ پر گر آئے جس کیوجہ سے فورلین شاہراہ کی دونوں سڑکیں اسکی زد میں آکر بند ہوگئیں اور ٹریفک کو ادہمپور ، رام بن اور قاضی گنڈ میں روک دیا گیا ۔ دونوں طرف سینکڑوں مسافر اور مال گاڑیوں کو کم از کم بارہ گھنٹوں تک درماندہ رہنے کے بعد پیر بعد دوپہر چھوڑ دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان نے کہا کہ کرول کے مقام پر سفر کرنا خطرناک ہوگیا ہے کیونکہ یہاں مسلسل پتھر گر رہے ہیں۔
ادھر کرول علاقے میں گرتے پتھروں کے دو الگ الگ واقعات پیش آئے جس میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جبکہ پتھروں کی زد میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پلوامہ کی گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم اس میں سوار اہلکار معجزاتی طور بچ نکلے ۔پولیس نے بتایا کہ پہلا حادثہ اسوقت پیش آیا جب ایڈیشنل ایس پی رام بن مجیب الرحمن بحالی کے کام کا جائزہ لے رہے تھے کہ اچانک اوپر سے پتھر گرنا شروع ہوئے اور ان کا پرسنل سیکیورٹی آفیسر (PSO) سلیکشن گریڈ کانسٹیبل رویندر سنگھ پتھروں کی زد میں آکر زخمی ہوگیا۔ کرول میں ہی پتھر گرنے کے ایک علیحدہ واقعہ میں جموں جانے والی ضلع پولیس لائنز پلوامہ کی گاڑی پتھروں کی زد میں آ گئی۔ جس سے گاڑی کے کیبن اور فرنٹ سکرین کو شدید نقصان پہنچا، تاہم اس میں سوار تمام پولیس اہلکار بغیر کسی چوٹ کے بچ نکلے ۔