عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//جموں و کشمیر کے وزیر برائے جل شکتی، جنگلات، ماحولیات و قبائلی امور جاوید احمد رانا نے جامعہ محمدیہ قاسم العلوم کی تعلیم، اخلاقی اقدار کے فروغ اور سماجی اصلاح میں نمایاں خدمات کو سراہتے ہوئے اسے خطے کا ایک اہم تعلیمی مرکز قرار دیا۔انہوں نے یہ خیالات پونچھ کے سیڑی خواجہ میں واقع ادارے کے دورے کے دوران ظاہر کیے، جہاں انہوں نے انتظامیہ اور دانشوروں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دینی اور عصری تعلیم کے امتزاج، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب اور نوجوان نسل کی بہتر رہنمائی جیسے موضوعات پر خصوصی گفتگو کی گئی۔
ادارے کے منتظم مولانا محمد عبداللہ نے جامعہ کے تعلیمی نظام، مختلف سماجی سرگرمیوں اور خطے میں اسلامی تعلیمات کے فروغ کے حوالے سے ادارے کی دیرینہ خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ نہ صرف دینی تعلیم فراہم کر رہا ہے بلکہ سماجی سطح پر بھی بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر جاوید احمد رانا نے ادارے کی انتظامیہ کو اعلیٰ تعلیمی معیار برقرار رکھنے اور طلبہ میں نظم و ضبط، خدمت اور اخلاقی اقدار کو فروغ دینے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ’جامعہ محمدیہ قاسم العلوم علم کا ایک مضبوط ستون بن چکا ہے جو فکری اور سماجی شعور کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے‘۔وزیر موصوف نے جامعہ کے توسیعی منصوبوں کو بھی سراہتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا، تاکہ بڑھتی ہوئی تعلیمی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دینی علوم کے ساتھ ساتھ جدید سائنسی تعلیم کا امتزاج وقت کا تقاضا ہے، اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کی رہنمائی اسی توازن کے ساتھ جاری رکھیں۔جاوید احمد رانا نے یقین دہانی کرائی کہ موجودہ حکومت ایسے اداروں کی سرپرستی جاری رکھے گی جو سماجی اصلاح، فکری ترقی اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے ایک مضبوط اور باصلاحیت معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے، جس میں ایسے ادارے بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔