عظمیٰ نیوز سروس
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل قانون ساز اسمبلی کو بتایا کہ گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی علاقے میں صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کیلئے فعال طور پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2 ایم ایل ڈی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ ( ایس ٹی پی ) کا پروجیکٹ منظور ہو چکا ہے جس کی لاگت 46.50 کروڑ روپے ہے اور اس کے نفاذ کا آغاز مالی سال 2026-27 میں تجویز کیا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے رُکن اسمبلی کریری ۔ واگورہ کی طرف سے اُٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ سالڈ ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ ( ایس ڈبلیو ٹی پی )کے لئے ڈی پی آر فی الحال میکنیکل اور آر اینڈ بی ڈیپارٹمنٹس کی طرف سے تیار کئے جا رہے ہیں جس کے بعد منظوری اور نفاذ کیا جائے گا ۔ اُنہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں پونی والوں ، گائیڈز ، سلیج پولرز ، فوٹو گرافرز اوردیگر کی رجسٹریشن کے زیر اِلتوأ صورتحال پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاخیر اِنتظامی وجوہات کی وجہ سے نہیں ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ایک جان بوجھ کر کی گئی پالیسی کا فیصلہ ہے جس کا مقصد گلمرگ میں کیریئنگ کیپسٹی کو برقرار رکھنا ، ماحولیاتی دیرپائی کو یقینی بنانا ، زیادہ ہجوم اور بھیڑ بھاڑ سے بچنا اور منظم اور دیرپا سیاحت کی ترقی کو فروغ دینا ہے ۔