عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مغربی ایشیا کے بڑھتے ہوئے تنازعے سے منسلک تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے سبب بدھ کو تجارتی ایل پی جی کی قیمتوں میں 195.50 روپے کا اضافہ کیا گیاہے ۔سرکاری تیل کمپنیوں کے مطابق، دہلی میں 19 کلوگرام کمرشل ایل پی جی کی قیمت اب 2,078.50 روپے ہے۔قیمتوں میں آخری بار یکم مارچ کو 114.5 روپے فی 19 کلو سلنڈر کا اضافہ کیا گیا تھا۔گھریلو کھانا پکانے والی گیس ایل پی جی کی قیمتیں، جو آخری بار 7 مارچ کو 60 روپے فی 14.2 کلوگرام سلنڈر بڑھا دی گئی تھیں، بدستور برقرار ہیں۔ دہلی میں اس کی قیمت 913 روپے فی 14.2 کلوگرام سلنڈر ہے۔ سرکاری ملکیت والی انڈین آئل کارپوریشن، بھارت پیٹرولیم، اور ہندوستان پیٹرولیم بین الاقوامی بینچ مارکس اور شرح مبادلہ کی بنیاد پر ہر مہینے کے پہلے دن اے ٹی ایف اور ایل پی جی کی قیمتوں پر نظر ثانی کرتے ہیں۔مغربی ایشیا میں جنگ کے بعد توانائی کی سپلائی چین میں خلل پڑنے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔پچھلے سال مارچ میں 2 روپے فی لیٹر کمی کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں جمی رہیں۔ اس وقت دہلی میں پٹرول 94.72 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 87.62 روپے فی لیٹر ہے۔