عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری کے علاقے پلولیاں میں واقع زیارت شریف پر حضرت سائیں نظام دین کا سالانہ عرس منگل کے روز نہایت عقیدت و احترام اور روحانی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور درگاہ پر حاضری دے کر خصوصی دعائیں مانگیں۔یہ عرس ہر سال 31 مارچ (18 چیت) کو روایتی انداز میں منعقد کیا جاتا ہے، جس میں عقیدت مند بڑی تعداد میں شریک ہو کر بزرگ ہستی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اس سال بھی زائرین نے درگاہ پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور اپنے ساتھ ساتھ پورے معاشرے کے لیے امن، خوشحالی اور بھائی چارے کی دعائیں کیں۔عرس کی خاص بات یہ رہی کہ اس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی، جس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی رواداری کی عمدہ مثال دیکھنے کو ملی۔ خاص طور پر ہندو برادری کے افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کر کے اس روحانی تقریب کو مزید چار چاند لگا دیے اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے دعائیں کیں۔درگاہ کے احاطے میں دن بھر روحانی ماحول قائم رہا، جہاں زائرین نے مختلف مذہبی رسومات ادا کیں اور بزرگ ہستی کی تعلیمات کو یاد کیا۔ انتظامیہ کی جانب سے بھی مناسب انتظامات کیے گئے تھے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔تقریب پْرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور حضرت سائیں نظام دین کے پیغامِ محبت، اخوت اور انسانیت کو اجاگر کرتے ہوئے لوگوں میں اتحاد و یگانگت کا احساس مزید مضبوط ہوا۔