عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا نے کہا ہے کہ سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن اپریل اور جولائی کے درمیان رن وے کے کاموں کے لیے محدود رہے گا۔اتھارٹی نے جمعہ کو اپنے آفیشلز ایکس ہینڈل پر پوسٹ میں کہا’’ ہندوستانی فضائیہ کی طرف سے جاری کردہ نوٹم کے مطابق، اپریل کے پہلے ہفتے میں شروع ہونے والے رن وے کا کام 6 اپریل سے 31 جولائی تک شام 5 بجے تک طے شدہ پروازوں کے آپریشنل اوقات کو عارضی طور پر محدود کر دے گا‘‘۔
اس میں کہا گیا ہے کہ اس وقت سرینگر ہوائی اڈے پر روزانہ صبح 8 بجے سے رات 10 بجے کے درمیان 60 پروازیں (آمد اور روانگی) چلتی ہیں۔اتھارٹی نے کہا، ” اوقات کم کیے جائیں گے اور منظور شدہ سمر شیڈول کے مطابق پروازوں کی نقل و حرکت میں اضافہ متوقع ہے۔ لہٰذا ایئر لائنز نظرثانی شدہ اوقات کے مطابق پروازوں کی منصوبہ بندی اور آپریٹ کریں گی۔”اس نے کہا کہ اتھارٹی محفوظ، موثر اور بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔”مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سرکاری چینلز کے ذریعے اپ ڈیٹ رہیں اور غیر تصدیق شدہ معلومات سے گریز کریں۔”