سب سے بڑا جتماع درگاہ حضرتبل میںہوگا
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//آج ما ہِ رمضان المبارک کی 26تاریخ ہے۔ ہزار مہینوں سے افضل اور بابرکت رات شبِ قدر آج انتہائی عقیدت، احترام اور روحانیت کے ماحول میں منائی جائے گی۔ اس موقع پر وادی بھر میں واقع مساجد، خانقاہوں، درگاہوں، زیارت گاہوں اور دینی مدارس میںبڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوں گے اور رات بھرشب خوانی، عبادات، ذکر و اذکار، قرآن خوانی اور اجتماعی دعاؤں کی روح پرور محافل منعقد ہوں گی۔ آثار شریف درگاہ حضرت بل میں شب بیداری کا سب سے بڑا اجتماع منعقدہو گا جہاں نماز عشاء رات 10 بجے قایم کی جائے گی۔جموں و کشمیر وقف بورڈ کی جانب سے دیگر مساجد اور خانقاہوں میں نماز عشاء کے اوقات مشتہر کئے گئے ہیں۔خانقاہ معلی سرینگرمیں 10 بجکر 30 منٹ،زیارت حضرت پیر دستگیر صاحب خانیار میں شب 10 بجے ،زیارت حضرت میر سید یعقوب صاحب سونہ وار میں 10 بجے، آثار شریف جناب صاحب صورہ میں رات 11 بجے، آثار شریف شہری کلاشپورہ میں 10 بجے، زیارت حضرت مخدوم صاحب،سرینگر رات 10 بجے، آثار شریف کعبہ مرگ اننت ناگ میں نمازتراویح رات 10 بجے ادا کی جائے۔شبِ قدر کے موقع پرجامع مسجد سوپور، زیارت شیخ نورالدین ؒچرار شریف، بابا پیام الدین صاحب ٹنگمرگ، زیارت زین الدین صاحب عشمقام، آستان عالیہ پنجورہ، جانباز صاحب بارہمولہ، اہم شریف بانڈی پورہ کے ساتھ ساتھ دیگر آستانوں اورمساجد میںروح پرور اجتماعات منعقد ہورہے ہیں ۔آثار شریف حضرت بل سرینگر میں عقیدت مند بڑی تعداد میں شریک ہوکراس بابرکت رات کے دوران نمازِ تراویح کی ادائیگی کے بعد پوری رات تلاوتِ قرآن، نوافل، درود و اذکار اور ذکرِ الٰہی میں گزاریں گے۔ گھروں میں تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور نوافل کی ادائیگی کے ساتھ مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور آنے والی نسلوں کی بھلائی کے لیے خصوصی دعائیںمانگی جائیں گی۔شبِ قدر کے اجتماعات کے پیش نظر مساجد اور خانقاہوں کی انتظامیہ کمیٹیوں نے خصوصی انتظامات کیے ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات بھی یقینی بنائے گئے ہیں۔ اس مقصد کے لیے آر ٹی سی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں سے خصوصی بس سروس چلائی جائے گی جبکہ نجی ٹرانسپورٹروں کو بھی رات گئے تک سروس جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔شبِ قدر کی مناسبت سے مختلف رضاکار تنظیموں اور مقامی نوجوانوں نے بھی عبادت گزاروں کی خدمت کے لیے انتظامات کیے ہیں اور کئی مقامات پر گرم مشروبات اور پانی فراہم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔